0

اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشست پر مجموعی طورپر 53 فیصد ووٹنگ ریکارڈ : چیف الیکٹورل آفیسر

سری نگر،25مئی(یو این آئی)چیف الیکٹورل افسر پی کے پولے نے اننت ناگ راجوری لوک سبھا نشست کی مجموعی پولنگ شرح کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس نشست پر ہفتے کو مجموعی طور پر 53 فیصد پولنگ ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی پانچ پارلیمانی نشستوں پر کل ملا کر 58فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ 35برسوں میں سب سے زیادہ ہے۔ان باتوں کا اظہار چیف الیکٹورل آفیسر نے یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشست پر ریکارڈ ووٹنگ کے لئے پولنگ عملے ، سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں اور امیدواروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
چیف الیکٹورل آفیسر نے کاہکہ ریکارڈ بنانے کا سہرا ووٹروں کو جاتا ہے جنہوں نے گھروں سے باہر آکر اپنے ووٹ کا استعمال کرکے انتخابی عمل کو کامیاب بنایا۔پی کے پول نے کہاکہ اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشست پر مجموعی طورپر 53فیصد ووٹنگ ٹرن آوٹ ہوا ۔ ان کے مطابق سرنکوٹ میں سب سے زیادہ ووٹنگ 68فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ کولگام اور اننت ناگ میں بالترتیب 32اور 33فیصد درج ہوئی ۔انہوں نے کہاکہ مائیگرنٹ پولنگ بوتھوں پر بھی پچاس فیصد ٹرون آوٹ ریکارڈ کیا گیا ۔ان کے مطابق اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشست پر نو ہزار پولنگ اسٹاف کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی ۔انہوں نے کہاکہ جہاں تک جموں وکشمیر کی پانچ پارلیمانی نشستوں پر الیکشن ٹرن آوٹ کا تعلق ہے تو سری نگر میں 39فیصد ووٹنگ ریکارڈ ہوئی، بارہ مولہ میں 59.10فیصد، ادھم پور میں 68اور جموں میں 72.22فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔پی کے پول نے کہاکہ ووٹنگ صبح سات بجے سے شروع ہوئی اور شام چھ بجے تک لوگوں نے اپنی رائے دہی کا استعمال کیا۔ان کے مطابق الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے اننت ناگ پارلیمانی نشست پر سیکورٹی کے فقید المثال انتظامات کئے گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں