سری نگر،20اپریل(یو این آئی)جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ میں انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج ودھی کمار بردی کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں فوج ، سی آر پی ایف اور خفیہ اداروں سے وابستہ آفیسران نے شرکت کی۔
آئی جی کشمیر نے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو مزید تیز تر کرنے کے احکامات صادر کئے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ آئی جی کشمیر وی کے بردی نے اونتی پورہ میں سیکورٹی منظر نامے کا جائزہ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران سینئر آفیسران نے آئی جی پی کو وادی کشمیر کی سیکورٹی صورتحال اور لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے کی جارہی تیاریوں کے بارے میں مفصل جانکاری فراہم کی۔
میٹنگ کے دوران عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور انتخابی عمل کی سالمیت کو برقرار رکھنے کی خاطر حکمت عملی وضع کی گئی۔
موصوف ترجمان کے مطابق آئی جی کشمیر نے آفیسران پر زور دیا کہ کسی بھی ممکنہ دہشت گردی سرگرمیوں کو ناکام بنانے کے لئے سیکورٹی گرڈ اور ہیومن انٹیلی جنس کو مزید مضبوط و مستحکم بنایا جائے۔ انہوں نے حساس علاقوں میں نگرانی کے عمل کو تیز تر کرنے کی بھی ہدایت دی۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج نے ملک مخالف عناصر اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کے احکامات صادر کئے۔
آئی جی پی نے میٹنگ کے دوران معیاری آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر سختی سے عمل کرنے پر زور دیا اور افسران کو حکم دیا کہ وہ تکنیکی معلومات کے ساتھ ساتھ انسانی انٹیلی جنس اکٹھا کرنے پر توجہ مرکوز کریں۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس وی کے بردی نے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو مزید تیز تر کرنے کے احکامات صادر کئے۔
اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں آئی جی سی آر پی ایف ، جی او سی وکٹر فورس ، ڈی آئی جی سینٹرل ، ڈی آئی جی جنوبی کشمیر ، ، ڈی آئی جی سی آر پی ایف ، ایس ایس پی جنوبی کشمیر ، ایس ایس پی بڈگام اور دیگر سینئر آفیسران نے شرکت کی۔
0