0

ایرانی صدر کے اعزاز میں 21 مئی کو پورے ہندوستان میں ایک روزہ سوگ کا اعلان

نئی دہلی۔ 20؍مئی۔ ایم این این۔حکومت ہند نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کے اعزاز میں 21 مئی کو پورے ہندوستان میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران ملک بھر میں ہندوستانی قومی پرچم نصف سر پر لہرایا جائے گا۔ سے پہلے ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ اور دیگر اعلیٰ عہدے داروں کی المناک موت کے بعد نئی دہلی میں ایرانی سفارت خانے نے اپنا پرچم سرنگوں کر دیا ہے۔سرکاری میڈیا پریس ٹی وی نے آج رپورٹ کیا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے ہمراہ وفد کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر اتوار کے روز مشرقی آذربائیجان صوبے کے شہر ورزقان اور جولفا کے درمیان واقع دزمار جنگل میں گر کر تباہ ہو گیا۔ایرانی صدر آذربائیجان کے دورے کے بعد واپس ایران آرہے تھے کہ اتوار کی سہ پہر ان کا ہیلی کاپٹر خراب موسم کی وجہ سے گر گیا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ایک مہلک ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک پوسٹ میں، پی ایم مودی نے ہندوستان-ایران دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں رئیسی کے تعاون کا اعتراف کیا۔اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے المناک انتقال پر گہرا دکھ اور صدمہ ہوا ہے۔ ہندوستان-ایران باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ میری دلی تعزیت۔ ہندوستان دکھ کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں