0

بارہمولہ میں دو منشیات فروش گرفتار، ہیرائن جیسا مواد بر آمد:پولیس

سری نگر، 14 مئی (یو این آئی) منشیات فروشوں کے خلاف وسیع پیمانے پر جنگ کو جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے کروڑوں روپیے مالیت کا ہیرائن جیسا مواد بر آمد کیا ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن بونیار کی ایک ٹیم نے گنائی محلہ ترکنجن میں ایک ناکے کے دوران دو افراد کو روکا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 446 گرام ہیرائن، جس کی بازار میں قیمت قریب دو کروڑ روپیے ہے، جیسا مواد بر آمد کیا۔

بیان میں گرفتار شدہ منشیات فروشوں کی شناخت عبدالقیوم گنائی اور غلام حسن گنائی پسران غلام رسول گنائی ساکنان تر کنجن بونیار کے طور پر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بونیار میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔

قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے ضلع میں سال رواں کے پہلےچار مہینوں کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 79 مقدمے درج کرکے 36 سخت گیر منشیات فروشوں سمیت 145 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے ایک کروڑ 88 لاکھ روپیے مالیت کا نشہ آور مواد بھی بر آمد کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں