سری نگر، 8 اپریل (یو این آئی) جموں و کشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایک مسجد شریف اور سٹیٹ بینک آف انڈیا کے ایک برانچ میں ہوئی چوری کے معاملوں کو حل کرکے مال مسروقہ کو بر آمد کیا ہے اور ان وارداتوں میں ملوث ملزم کو بھی گرفتار کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن پٹن کو 4 اپریل کو مسجد بیت الہدیٰ پٹن کے صدر عبدالمجید سادا کی طرف سے ایک شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ کچھ چوروں نے مسجد کے عطیہ بکس اور اس کے نزدیک ہی زیارت کے عطیہ بکس کو لوٹا ہے اور اس کے علاوہ چوروں نے مسجد شریف سے ایک جاکیٹ اور موبائل فونوں کو بھی اڑالیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے دن پولیس اسٹیشن پٹن کو ایک اور اطلاع موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ چوروں نے پٹن مارکیٹ میں واقع سٹیٹ بینک آف انڈیا کے برانچ میں گھس کر ایک سیمسنگ ٹیب کو اڑا لیا ہے۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن پٹن میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمے درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ مقدموں کی تحقیقات کے دوران یہ سابت سامنے آئی کہ ان دونوں وارداتوں کے پیچھے ایک ہی ملزم کا ہاتھ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بارہمولہ پولیس کی سخت کاوشوں کے نتیجے میں ملزم کو ٹی آر سی سری نگر سے گرفتار کیا گیا۔
بیان میں ملزم کی شناخت نثار احمد نجار ولد عبد الرشید نجار ساکن نجار محلہ پٹن کے طور پر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوچھ تاچھ کے دوران ملزم نے جرم کا اعتراف کیا اور اس جگہ کی نشاندہی کی جہاں اس نے چورہ شدہ مال کو چھپا رکھا تھا جس کو بعد میں بر آمد کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
0