0

بھارت اور پاکستان بشمول جموں وکشمیرمیں شوال کا چاند9،اپریل کو ہی نظرآنے کے زیادہ تر امکانات

10،اپریل بروز بدھ کو ممکنہ طورپر عیدالفطر کی تقریب سعید
10اپریل اور11اپریل کو دن کے وقت موسم خشک رہنے کی پیش گوئی ،عیدگاہوںمیں ہونگے عظیم اجتماعات
سری نگر:۸، اپریل:جے کے این ایس : موسمیاتی ماہرین کے ظاہر کردہ اس اُمیدکہ شوال کا چاند9،اپریل کو ہی نظرآنے کے زیادہ امکانات ہیں ،برصغیر ہندوپاک سمیت جموں وکشمیرمیں عیدالفطر کی تقریب سعید منانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ۔پیر کے روز بازاروںمیں نئے ملبوسات ،گھریلو سامان اور دیگر چیزوں کی خریداری زوروں پر رہی ،اور منگل کو بھی پورے کشمیرکے بازاروںمیں خاصا رش رہنے کاامکان ہے ۔اس دوران موسمیاتی مرکز سری نگر کی جانب سے10اپریل اور11اپریل کو دن کے وقت موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کے پیش نظر پوری وادی میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات عیدگاہوں ،دیگرکھلی جگہوں ،بڑی جامع مساجد،درگاہ حضرت بل اورامام بارگاہوںمیں منعقد ہونے کے قوی امکانات ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیرمیں موسمی تغیر وتبدل سے متعلق قبل ازوقت پیش گوئی کرنے والے ایک نجی گروپ ’کشمیر وید‘ نے ایک بیان میں کہاہے کہ بھارت اور پاکستان میں شوال کا چاند 9 اپریل کی شام، نظر آنے کے 95 فیصد امکانات ہیں اور اس صورت میں دونوں ملکوں بشمول جموں وکشمیرمیں بھی عید الفطر10 اپریل کو ہونے کا امکان ہے۔عید الفطر رمضان کے اختتام کی علامت ہے اورعید کی نماز کے بعد، خاندان اپنے پڑوسیوں اور دوستوں کو ’عید مبارک‘کے ساتھ مبارکباد دیتے ہیں اور تحائف کا تبادلہ کرتے ہیں یا رمضان مکمل ہونے پر ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہیں۔ امسال ہندوستان اور پاکستان میں عیدالفطر کی تقریب سعید10 اپریل کو منائی جا سکتی ہے۔ موسمیاتی ماہرین نے کہاہے کہ 9، اپریل کی شام کو شوال کا چاند نظر آنے کے 90 فیصد سے زیادہ امکانات ہیں،اوراس صورت میں جموں و کشمیر، ہندوستان اور پاکستان میں عید10، اپریل بروزبدھ کو منائی جائے گی۔موسمیاتی ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ کے ممالک جیسے سعودی عرب، مصر اور ایران وغیرہ میں عید الفطر ایک ہی دن متوقع ہے۔’کشمیر وید‘ سے وابستہ موسمیاتی ماہرین نے کہاکہ 9، اپریل کو جموں و کشمیر میں دیر سے دوپہریاشام تک موسم زیادہ تر خشک رہنے کی توقع ہے، آسمان زیادہ تر ابر آلودہو سکتا ہے، اس لیے کچھ حصوں میں چاند صاف نظر نہیں آئے گا۔دریں اثناءموسمیاتی مرکز سری نگر نے پیرکو جاری موسمی تاز ہ کاری میں بتایاکہ جموں وکشمیرمیں 9اپریل کو بھی موسم خشک رہے گا جبکہ10اپریل کو دن کے وقت مطلع جزوی طور پرابرآلودرہنے کے بیچ موسم خشک رہنے کاامکان ہے تاہم شام کے وقت بہت سی جگہوں پر ہلکی بارش اوربالائی مقامات پربرف باری ہوسکتی ہے ۔موسمیاتی مرکز کے مطابق 11اور12،اپریل کوبھی کچھ جگہوں پر ہلکی بارش اوربالائی مقامات پربرف باری ہوسکتی ہے۔13سے15اپریل کے دوران عام طور پر مطلع ابر آلود رہنے کے بیچ ہلکی سے اعتدال پسند بارش،گرج چمک،کچھ جگہوں پرتیز ہواﺅںاورژالہ باری کاامکان ہے ۔16اور17،اپریل کوبھی کچھ جگہوں پر ہلکی بارش اوربالائی مقامات پربرف باری ہوسکتی ہے۔ کاشتکاروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ 10اپریل کو کھیتوں وباغات میں کام کو معطل کر دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں