0

بی جے پی نے جموں وکشمیر میں بھائی چارے کو مضبوط کیا :رویندر رینا

جموں،14اپریل(یو این آئی) بھارتیہ جنتاپارٹی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے اتوار کے روز کہا کہ بھاجپا نے یونین ٹریٹری میں ہندو مسلم بھائی چارے کومستحکم کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کی پانچ نشستوں پر بی جے پی کی جیت یقینی ہے۔ ان باتوں کا اظہار موصوف نے ڈوڈہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ اس بار ڈوڈہ ، کشتواڑ اور رام بن میں بی جے پی کے امیدوار کو اچھے ووٹ ملیں گے۔ان کے مطابق بھارتیہ جنتاپارٹی نے ڈوڈہ ، کشتواڑ اور رام بن میں تعمیر وترقی کے کام شروع کئے جبکہ لوگوں کے مسائل کو بھی حل کیا گیا۔
رویندر رینا نے کہاکہ بی جے پی نے لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کی بھر پور سعی کی جس کا ثمرہ یہ نکلا کہ پورے جموں وکشمیر میں بی جے پی کی لہر چل رہی ہے۔
عمر عبداللہ کی جانب سے بی جے پی امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہونے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں رویندر رینا نے کہاکہ وقت ہی اس کا فیصلہ کرئے گا۔
انہوں نے کہا :’عمر عبداللہ کو پتہ چلے گا کہ جموں وکشمیر کی عوام بی جے پی کے ساتھ ہے ۔ ‘
بھاجپا صدر نے کہاکہ لوگوں میں جوش و جنون پایا جارہا ہے اور یہی بی جے پی کی جیت ہے ۔
رویندر رینا نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے اور لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کی خاطر زمینی سطح پر کام کیا۔
انہوں نے کہاکہ لوگ بھاجپا کو تعمیر وترقی کی بنا پر ووٹ دیں گے اور ہمیں یقین ہے کہ اس بار کشمیر میں بھی کنول کا پھول کھلے گا۔
بھاجپا صدر نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت نے ہندو، مسلمان ، سکھ ، عیسائی ، جموں کے ڈوگرہ سماج اور کشمیری عوام غرض ہر طبقے کاخیال رکھتے ہوئے کام کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی کانعرہ اس بار چار سو پار ہے اور ہمیں پوری امید ہے کہ ملک کے لوگ ایک دفعہ پھر بی جے پی کے حق میں اپنی رائے دہی کا استعمال کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں