0

بی جے پی نے کشمیر میں میدان نہیں چھوڑا ہے وہ دوسری پارٹیوں کے نشان پر لڑ رہی ہے: عمر عبداللہ

سری نگر، 20 اپریل (یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے کشمیر میں میدان نہیں چھوڑا ہے بلکہ وہ دوسری پارٹیوں کے نشان پر یہاں الیکشن لڑ رہی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ کشمیر کی تینوں لوک سیٹوں پر نیشنل کانفرنس کامیاب ہوگی۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘بی جے پی نے کشمیر میں میدان نہیں چھوڑا ہے وہ میدان میں ہے لیکن فرق صرف اتنا ہے کہ وہ اپنے پارٹی نشان کا استعمال نہیں کر رہی ہے بلکہ ان کا نشان کرکٹ بیٹ اور سیب ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘بی جے پی یہاں اپنی اے، بی ٹیموں کا استعمال کرتی ہے کیونکہ جب وہ یہاں آتے ہیں تو وہ کن لوگوں کے گھر جاتے ہیں اور کن کو ملتے ہیں’۔
اننت ناگ – راجوری سیٹ کے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہا: ‘ہمیں معلوم ہے کہ بی جے پی اس سیٹ پر کس کو سپورٹ کر رہی ہے لیکن پھر بھی اس کو کامیابی کی کوئی گنجائش نہیں ہے’۔انہوں نے کہا: ‘بدقسمتی سے اس سیٹ پر ہمارا مقابلہ ہمارے اپنے ہی ایک دوست کے ساتھ ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی کی اودھم پور لوک سبھا سیٹ بھی خطرے میں ہے۔
بی جے پی کے 4 سو سیٹیں حاصل کرنے کے دعوے کے بارے میں پوچھے جانے پر موصوف نائب صدر نے کہا: ‘بی جے پی پہلے جموں وکشمیر اور لداخ کی سیٹوں کو بچائے’۔
انہوں نے کہا: ‘جو ہمیں لوگوں کا رسپانس مل رہا ہے تو ہمیں پوری امید ہے کہ نیشنل کانفرنس کشمیر کی تینوں سیٹوں کو جیتنے میں کامیاب ہوگی’۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں