جموں،12اپریل(یو این آئی)کانگریس کے جموں وکشمیر انچارج بھارت سولنکی نے جمعے کے روز کہاکہ بی جے پی نے سال 2014میں لوگوں سے جتنے بھی وعدئے کئے انہیں پورا نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ آج پھر سے بھاجپا نئے وعدئے کر رہی ہیں ۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ سال 2014میں بھاجپا نے ملک کے لوگوں سے وعدہ کیا کہ اگر وہ اقتدار میں آئے تو کسانوں کی آمدنی دوگنی کریں گے، مہنگائی پچاس دن میں ختم ہوگی ، کالا دھن جو باہر چلا گیا اس کو واپس لے آئیں گے لیکن یہ سبھی وعدئے کاغذوں تک محدود رہے ۔
کانگریس انچارج نے کہاکہ بھاجپا نے لوگوں کوگمراہ کیا اور آج یہ پھر سے جھوٹے وعدئے کرکے لوگوں کو گمراہ کر رہی ہیں.انہوں نے کہاکہ وقت آچکا ہے کہ لوگ لوک سبھا انتخابات کے دوران بی جے پی کی غلط پالیسیوں اور جھوٹے وعدوں کا جواب دیں۔
ان کے مطابق بی جے پی کے لیڈران بلند بانگ دعوئے کر رہے ہیں کہ مودی کی گرانٹی ہے ۔ انہوں نے سوالیہ انداز میں کہاکہ سال 2014کے چناو کے دوران کس نے لوگوں کے مسائل حل کرنے کی گرانٹی دی تھی۔انہوں نے مزید بتایا کہ کانگریس لوک سبھا انتخابات میں واحد بڑی پارٹی کے طورپر ابھر کر سامنے آئے گی۔
0