0

جموں وکشمیرمیں ستمبر2024 میں اسمبلی انتخابات بی جے پی سبھی اسمبلی سیٹوں پر الیکشن لڑے گی: وزیر داخلہ امت شاہ

کشمیر کی 3 اہم لوک سبھا سیٹوں پر انتخاب نہ لڑنے پر افسوس کا اظہار
سری نگر :۷۱ ،مئی:جے کے این ایس : مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اعلان کیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی جموں و کشمیر میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں سبھی نشستوں پر اپنے امیدوار میدان میں اُتارے گی۔ جے کے این ایس کے مطابق سرینگر کے اپنے 2روزہ دورے کے دوران امت شاہ نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اس سال کے آخر میں ہونے والے انتخابات کی تیاری کریں۔امت شاہ نے کشمیر کی 3 اہم لوک سبھا سیٹوں پر انتخاب نہ لڑنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر میں بی جے پی یونٹ کو ستمبر 2024میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ہر سیٹ پر مقابلہ کرنے کی تیاری کرنی چاہیے۔ انہوں نے یہ اعلان جمعرات کی شام سرینگر کے للت پیلس میں بی جے پی لیڈروں کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یاد رہے کہ امت شاہ سخت سیکورٹی حصار کے بیچ جمعرات کی شام سرینگر پہنچے اور پارٹی کے جنرل سیکریٹری اور جموں و کشمیر امور کے انچارج سنیل شرما، درخشاں اندرابی، حنا بٹ، صوفی یوسف، الطاف ٹھوکر اور قومی جنرل سیکریٹری ترون چگ جیسے بی جے پی رہنماوں سے ملاقات کرنے سے پہلے گجروں، بکروالوں، پہاڑیوں اور سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والے رہنماوں سمیت مختلف وفود سے ملاقات کی۔میٹنگ میں موجود ذرائع نے بتایا کہ امت شاہ نے ملک بھر میں نچلی سطح پر بی جے پی کو مضبوط کرنے کی اپنی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے لوک سبھا کی نشستوں پر انتخاب نہ لڑنے پر افسوس کا اظہار کیا لیکن پارٹی کے کیڈر کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ امت شاہ نے نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس کی خاندانی حکمرانی کو ختم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے پارٹی اراکین پر زور دیا کہ وہ 20 اور 25 مئی کو بارہمولہ اور اننت ناگ،راجوری نشستوں کےلئے لوک سبھا انتخابات میں ان جماعتوں کے خلاف ووٹ ڈالیں۔انہوں نے بی جے پی اراکین کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر پارٹی کا ووٹ این سی، پی ڈی پی اور کانگریس کےخلاف پڑے۔ امت شاہ نے یہ بھی اعلان کیا کہ بی جے پی جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں تمام نشستوں پر مقابلہ کرے گی، جسے سپریم کورٹ نے ستمبر2024 تک منعقد کرنے کا حکم دیا ہے۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات بیک وقت نہ کرانے پر جموں و کشمیر انتظامیہ کی طرف سے حفاظتی خدشات اور اعتراضات کا حوالہ دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں