0

جموں وکشمیر: قصبہ کٹرہ میں تمباکو کی تمام مصنوعات کی فروخت و استعمال پر پابندی عائد: ضلع مجسٹریٹ ریاسی

جموں، یکم (یو این آئی) تمباکو نوشی کے مضر اثرات کے پیش نظر جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کی انتظامیہ نے قصبہ کٹرا میں تمباکو کی تمام مصنوعات کی فروخت اور استعمال پر پابندی لگا دی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ ریاسی وشیش پال مہاجن کی طرف سے جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا کہ قصبہ کٹرا شری ماتا ویشنو دیوی مندر کا بیس کیمپ ہے اور ہر سال زائد از 10 ملین لوگ یہاں آتے ہیں۔
حکمنامے میں کہا گیا کہ تمباکو (چبایاجانے والا یا جو نہ چبایا جائے) مصنوعات بشمول سگریٹ کا استعمال صحت عامہ کے لئے انتہائی خطرناک ہے اور کینسر، سانس کی بیمایوں اور دل کے عارضوں سمیت مختلف سنگین بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔
انہوں نے کہا: ‘کٹرہ قصبے کے مذہبی تقدس کے پیش نظر قصبے میں 8 کلو میٹر کے دائرے کے اندر شراب اور گوشت کی فروخت، اپنے پاس رکھنے اور استعمال پر پہلے ہی پابندی عائد ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ اب چونکہ پوتر گھپا کی یاترا کے لئے یاتریوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ درج ہو رہا ہے اور ملک و بیرون ملک کے یاتریوں کی بڑی تعداد سال بھر روزانہ بنیادوں پر پوتر گھپا کی یاتر کے لئے آتے ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ نے کہا: ‘تمباکو کی مصنوعات بشمول گٹکا (چبایا جانے والا یا جو نہ چبایا جائے)، سگریٹ اور دیگر متعلقہ مصنوعات کی فروخت، اپنے پاس رکھنے اور استعمال پر پابندی کی ضرورت ہے تاکہ یاتریوں کے مذہبی جذبات اور یاترا کے تقدس کو بحال رکھا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے شہریوں کے صحت کی دیکھ بھال حکومت کی اولین ذمہ داریوں میں سے ہے۔
ان کا کہنا تھا: ‘بحثیت ضلع مجسٹریٹ ریاسی سیکشن سی آر پی سی 144 کے تحت حاصل اختیارات کی بنا پرمیں سب ڈیویژن کٹرہ میں تمباکو کی مصنوعات بشمول گٹکا ، سگریٹ، کو فروخت کرنے، اپنے پاس رکھنے اور اس کے استعمال پر پابندی عائد کرتا ہوں’۔
موصوف ضلع مجسٹریٹ نے کہا: ‘چونکہ اس حکم کی پیشگی اطلاع دینا ممکن نہیں ہے لہذا اس کو یکطرفہ طور پر جاری کیا جا رہا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ حکمنامے کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف آئی پی سی کے سیکشن 188 کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی ریاسی اس حکمنامے کو عملی جامہ پہنائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں