0

جموں وکشمیر میں ریاست کا درجہ بحال کرنا اہم مشن ہے:غلام نبی آزاد

سری نگر،3اپریل(یو این آئی)جموں وکشمیر پروگریسیو آزاد پارٹی کے سربراہ غلام نبی آزاد نے بدھ کے روز کہا کہ جموں وکشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ بحال کرنا اب ناگزیر بن گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ تیسرے محاذ پر پی سی ، اپنی پارٹی سے بات چیت ہوتی رہی لیکن کچھ بھی حاصل نہیں ہوا۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
غلام نبی آزاد نے کہاکہ بطور راجیہ سبھا لیڈر دفعہ 370کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر کے لوگوں کی نمائندگی کی۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت راجیہ سبھا میں مقامی پارٹیوں کے ممبران بھی موجود تھے لیکن انہوں نے اس پر اف تک نہیں کیا۔
ان کے مطابق مکمل ریاست کا درجہ بحال کرنے کی خاطر ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔
غلام نبی آزاد نے مزید کہاکہ سیاست آسان نہیں بلکہ یہ ایک لڑائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ اننت ناگ اور راجوری کے لوگ ان کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔
انہوں نے کہا :’بطور وزیر اعلیٰ لوگوں کے مسائل حل کرنے اور تعمیر وترقی کا جال بچھانے کی خاطر زمینی سطح پر کام کیا۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ پارلیمانی انتخابات میں پروگریسیو آزاد پارٹی کے امیدوار بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
اپنی پارٹی اور پیپلز کانفرنس سے ہاتھ ملانے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں آزاد نے کہاکہ بات چیت ہوتی رہی لیکن کچھ بھی حاصل نہیں ہوا۔
آزاد نے کہاکہ ہم نے کسی کے ساتھ اتحاد نہیں کیا بلکہ ہم انفرادی طورپر الیکشن لڑ رہے ہیں۔
جموں وکشمیر میں اسمبلی الیکشن کرانے کے بارے میں پوچھے گئے اور ایک سوال کے جواب میں غلام نبی آزاد نے کہاکہ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں