سری نگر، 7 جون (یو این آئی) ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) جموں وکشمیر آر آر سوین کا وسیع پیمانے پر مقبول عوامی شکایات کے ازالے کا پروگرام 8 جون سے دوبارہ شروع ہو رہا ہے اور سلسلے میں پولیس لائنز پلوامہ میں ہفتے کو دوپہر بارہ بجے نیا پروگرام منعقد ہوگا۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ نئے پروگرام میں ان شہریوں کو اولین ترجیح دی جائے گی جنہیں پولیس تفتیش، پوچھ تاچھ، تصدیق میں تاخیر، ایف آئی آر درج کرنے میں تاخیر/ انکار/ ناقص تفتیش وغیرہ سے متعلق شکایات ہوں گی۔
انہوں نے کہا: ‘دوسری ترجیح شہدا کے اہلخانہ اور تیسری ترجیح دیگر پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ اور رشتہ داروں کو دی جائے گی جبکہ چوتھی ترجیح حاضر سروس پولیس اہلکاروں/ ایس پی اوز کو ہوگی تاکہ ان کے سروس مسائل کو سنا جاسکے’۔
بیان میں کہا گیا یہ پروگرام صرف ضلع پلوامہ کے شہریوں کے لئے مخصوص ہوگا اور اس دوران بھرتی سے متعلق درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا: ‘پروگرام میں حصہ لینے کے لئے پولیس سروس سے متعلق شکایات رکھنے والے کو اس مقصد کے لئے قائم شدہ ہیلپ ڈیسک پر رجسٹریشن کرنے کے لئے ضلع پولیس لائن پلوامہ کے ساتھ رابطہ کرنا ہوگا اور جو لوگ اپنی شکایات ڈی جی پی کی توجہ میں لانا چاہتے ہیں انہیں ایک تحریری درخواست جمع کرانی ہوگی جس میں موبائل نمبر کی مکمل تفصیلات شامل ہونی چاہئے۔
0