0

جموں وکشمیر کے 5پارلیمانی حلقوں’ اودھم پور،جموں،اننت ناگ،سری نگر اور بارہمولہ ‘ میں 5مراحل میں عام انتخابات

لوک سبھاانتخابات کے دوران محفوظ اورپُرامن ماحول اولین ترجیح
ووٹرو ں ،اُمیدواروں،سیاسی لیڈروں ،عوامی ریلیوں اور انتخابی عملے کی حفاظت اور سلامتی کیلئے ضروری اقدامات:ڈی جی پی
سر ی نگر:یکم ،اپریل:جے کے این ایس : جموں وکشمیر کے 5پارلیمانی حلقوں میں 5مراحل میں ہونے والے انتخابات کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آر آر سوائن نے پیر کو کہا کہ جموں وکشمیر میں لوک سبھا انتخابات کے دوران سب کےلئے محفوظ اور پُرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز تمام اسٹیک ہولڈرزیعنی اُمیدواروں ،سیاسی لیڈروں ،انتخابی عملے اور ووٹروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کےلئے24گھنٹے کام کر رہی ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق جموں وکشمیرپولیس کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آر آر سوائن نے پیر کے روز کٹھوعہ میں خواتین پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آو ¿ٹ پریڈ کے موقع پر نامہ نگاروں کو بتایاکہ لوک سبھا انتخابات کا عمل شروع ہو چکا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم محفوظ اور پُرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔پولیس چیف نے کہاکہ رائے دہندوں، عوامی ریلیوں اور اُمیدواروں کی حفاظت اور سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے، ہمارے افسران اور فورسز چوبیس گھنٹے منصوبہ بندی اور عملدرآمد میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیرپولیس اس جمہوری مشق میں مرکز اور اس کی ایجنسیوں کےساتھ مل کر اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ڈی جی پی موصوف نے مزید کہاکہ پولیس قیادت فورسز میں خواتین کی شمولیت کے بارے میں حساس ہے۔انہوںنے کہاکہ ہمارے یعنی جموں وکشمیرپولیس کے ہاں فورسز میں خواتین کی صرف 6 فیصد موجودگی ہے۔ ہم اسے آگے بڑھائیں گے۔پولیس چیف نے کہانے مزید کہا کہ پیر کو 922 خواتین کانسٹیبل فورس میں شامل ہو رہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس میں توسیع حکومت کا فیصلہ ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آر آر سوائن نے کہاکہ ہم اس کے بارے میں حکومت کو آگاہ کریں گے۔انہوںنے کہاکہ ہم امن و قانون، تفتیش اور انٹیلی جنس جمع کرنے کے طریقہ کار کو مزید مضبوط کریں گے۔خیال رہے جموں و کشمیر میں لوک سبھاکی5نشستوں کیلئے 5 مرحلوں میں ہوں گے، 19اپریل کو پہلے مرحلے میں اودھم پور لوک سبھا نشست کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ جموں پارلیمانی سیٹ کیلئے 26اپریل کو ووٹنگ ہوگی ۔کشمیر کے تین لوک سبھا حلقوںمیں پولنگ باقی تین مراحل میں 7،13اور20مئی کو ہورہی ہے ۔7 مئی کو(اننت ناگ،راجوری)، 13 مئی کو (سری نگر) اور 20 مئی کو (بارہمولہ)ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ووٹوں کی گنتی4 جون کو ہوگی۔ملک گیر پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر سیکورٹی فورسزنے اپنی مشقیں تیز کردی ہیں جبکہ سی آر پی ایف کی 63اضافی کمپنیوںکو جموں وکشمیرمیں پُرامن انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے طلب کیاگیا ہے ،اور اضافی فورسزکمپنیوںکی آمد اورمخصوص علاقوںمیں تعیناتی کا عمل بھی شروع کردیاگیاہے۔حکام نے بتایاکہ اضافی فورسزکمپنیوںکو مختلف پارلیمانی حلقوں میں ہونے والی ووٹنگ کی تاریخیں قریب آتے ہی تعینات کیاجائے گا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں