0

جنوبی کشمیر دہشت گرد حملہ: جموں و کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ کی شدید مذمت

سری نگر، 19 مئی (یو این آئی) جموں وکشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ محبوبہ مفتی اور غلام نبی آزاد نے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ اور شوپیاں اضلاع میں ہفتے کی شام پیش آنے والے الگ الگ دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
بتادیں کہ ان حملوں میں اعجاز احمد نامی ایک سابق سرپنچ جاں بحق جبکہ راجستھان کے جئے پور سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی تبریز اور فرح زخمی ہوگئے۔
عمر عبداللہ نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اتوار کی صبح ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘جنوبی کشمیر میں سیاحوں اور بی جے پی سے وابستہ ایک سیاسی ورکر پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کی خبر سن کر دکھ ہوا’۔انہوں نے کہا: ‘میں ان ہلاکت خیز حلموں کی پر زور مذمت کرتا ہوں’۔
موصوف نائب صدر کا پوسٹ میں کہنا تھا: ‘میں اعجاز احمد کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ اللہ ان کو جنت میں جگہ عطا فرمائے’۔انہوں نے زخمی سیاحوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا: ‘میری دعا ہے کہ راجستھان کے جئے پور سے تعلق رکھنے والے سیاح تبریز اور فرح جلد مکمل طور پر صحتیاب ہوجائیں’۔
پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا: ‘ہم پہلگام حملے جس کے نتیجے میں دو سیاح زخمی ہوگئے اور اس کے بعد شوپیاں کے ہیر پورہ میں ایک سرپنچ پر ہونے والے دوسرے حملے کی مذمت کرتے ہیں’۔انہوں نے کہا: ‘ان حملوں کا وقت، باوجودیکہ جنوبی کشمیر کے الیکشن بغیر کسی وجہ کے موخر کئے گئے، باعث تشویش ہے’۔
ڈیموکریٹک پروگرسیو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے چیئر مین اور سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘شوپیاں کے ہیر پورہ میں اعجاز احمد شیخ نامی ایک سابق سرپنچ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں’۔انہوں نے کہا: ‘تشدد کی یہ کارروائیاں انسانیت کے خلاف ہیں اور ہر کسی کو ان کی مذمت کرنی چاہئے اور حکومت کو چاہئے کہ وہ اس کو سنجیدگی سے لے اور یہ تشدد بند ہونا چاہئے’۔
دریں اثنا پیپلز کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر سجاد غنی لون نے بھی ان حملوں کی مذمت کی ہے۔انہوں نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘شوپیاں میں سرپنچ اعجاز احمد پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں’۔انہوں نے دعا کرتے ہوئے کہا: ‘میں ان کی جنت نشینی اور لواحقین کے صبر کے لئے دعا گو ہوں’۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں