0

جنوبی کشمیر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات

سری نگر،19مئی(یو این آئی) اننت ناگ اور شوپیاں میں دہشت گردوں حملے کے بعد جنوبی کشمیر کے چار اضلاع میں سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے چار اضلاع میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایاجاسکے۔اطلاعات کے مطابق شوپیاں کے ہر پورہ میں سرپنچ کی ہلاکت اور اننت ناگ میں دو سیاحوں پر حملے کے بعد جنوبی کشمیر میں فوج ، پولیس ، سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں متحرک ہو گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے چار اضلاع شوپیاں، پلوامہ ، اننت ناگ اور کولگام میں رات کا گشت تیز کیا گیا ہے۔باوثوق ذرائع کے مطابق سرگرم دہشت گردوں اور ان کے معاونین کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ جنوبی کشمیر کے حساس علاقوں میں جگہ جگہ فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی جو گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لے رہے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سابق سرپنچ کی ہلاکت میں ملوث دہشت گردوں کو تلاش کرنے کی خاطر شوپیاں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن لانچ کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ جائے وقوع کے اردگرد نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کوبھی کھنگالاجارہا ہے تاکہ حملہ آوروں کی شناخت کرکے انہیں انجام تک پہنچایا جاسکے۔
واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر جنوبی کشمیر کے سبھی اضلاع میں انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے تاہم ہفتے کی شام دہشت گرد حملوں کے بعد سیکورٹی ایجنسیوں کے کان کھڑے ہو گئے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر چناوی جلسوں کے دوران سیکورٹی ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عملدرآمد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں