جموں، 10 جون (یو این آئی) جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ریاسی حملے کو جموں خطے میں افراتفری پھیلانے کی ایک مذموم کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کوششوں کو ہر حال میں ناکام بنا دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس حملے کے ملوثین کو کڑی سزا دی جائے گی۔
بتادیں کہ ریاسی ضلع کے کانڈا علاقے میں اتوار کی شام ملی ٹنٹوں نے ایک یاترا گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 9 یاتری جاں بحق جبکہ 33 دیگر زخمی ہوگئے۔
منوج سنہا نے پیر کے روز یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کہا کہ ریاسی میں یاتریوں کی گاڑی پر حملہ جموں خطے میں افراتفری پھیلانے کی ایک مذموم کوشش کا حصہ ہے تاہم ایسی کوششوں کو ہر حال میں ناکام بنا دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس حملے کے ملوثین کو بخشا نہیں جائے گا۔
واقعے کے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ‘شیو کھوری میں گذشتہ شام ایک انتہائی غمناک واقعہ پیش آیا دہشت گردوں نے بس ڈرائیور کو نشانہ بنایا اور بس کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 9 یاتریوں کی موت جبکہ 33 زخمی ہوگئے’۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ زخمیوں میں سے 18 جموں میڈیکل کالج جبکہ 14 نارائن ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو ہر حال میں بچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپیے جبکہ زخمیوں کو فی کس 50 ہزار روپیے دئے جائیں گے۔
منوج سنہا نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ بھی گذشتہ شام سے ہی اس معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
0