0

سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر یک طرفہ ٹریفک بحال

سری نگر، 8 اپریل (یو این آئی) وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر کئی گھنٹوں کے بعد پیر کے روز ٹریفک کی جزوی نقل و حمل بحال کر دی گئی اور پہلے در ماندہ گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت ہے۔
جموں وکشمیر ٹریفک پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی جزوی نقل و حمل کو بحال کر دیا گیا ہے اور پہلے ناشری سے بانہال کے درمیان درماندہ گاڑیوں کو ہی چلنے کی اجازت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر – لیہہ شاہراہ پر سری نگر سے کرگل ٹریفک رواں دواں ہے اور ڈرائیور حضرات سے لین ڈسپلن پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
قبل ازیں ٹریفک حکام نے بتایا کہ سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل ہنوز بند ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاہم قومی شاہراہ پر بحالی کا کام زوروں سے جاری ہے۔
حکام نے لوگوں سے ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحالی کا کام مکمل ہونے تک قومی شاہراہ پر سفر کرنے س پرہیز کریں۔
لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ قومی شاہراہ کے متعلق تازہ اپ ڈیٹ حاصل کرنے کے لئے جموں، سری نگر، رام بن اور اودھم پور میں قائم ٹریفک کنٹرول یونٹوں کے ساتھ رابطہ قائم کریں۔
ٹریفک حکام نے قبل ازیں اتوار کی رات قریب گیارہ بجے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ خونی نالے کے نزدیک مٹی کے تودے گر آنے کی وجہ سے قومی شاہراہ پر دونوں طرف ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں