0

سری نگر میں اس بار ڈبل ہندسہ کی پولنگ شرح ریکارڈ ہوگی: پی کے پولے

سری نگر، 13 مئی (یو این آئی) جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل افسر (سی ای او) پی کے پولے کا کہنا ہے کہ سری نگر میں اس بار ڈبل ہندسہ کی پولنگ شرح ریکارڈ ہوگی جہاں ماضی میں سنگل ہندسہ پولنگ شرح درج ہوتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سال 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں جو پولنگ شرح درج ہوئی تھی وہ اس بار دن کے بارہ بجے تک ہی ریکارڈ ہوگی۔
موصوف سی ای او نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز یہاں شہر خاص میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘اس وقت میں شہر خاص میں ہوں اس علاقے میں پہلے پولنگ کے لئے مشکلات ہوتے تھے اور عام طور پر پولنگ کی شرح سنگل ہندسہ رہتی تھی لیکن اس بار یہ ڈبل ہندسہ رہے گی’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ سال 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں جو پولنگ شرح درج ہوئی تھی وہ اس بار دن کے بارہ بجے تک ہی پار ہوگی’۔
واضح رہے کہ سری نگر لوگ سبھا سیٹ کے لئے پیر کو پولنگ کا عمل جاری ہے۔
حکام نے آزادانہ اور منصفانہ پولنگ کو یقینی بنانے کے لئے حلقے میں 2 ہزار 1 سو 35 پولنگ مراکز قائم کئے ہیں جہاں پولنگ عملے کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔
اس سیٹ کے لئے رائے دہندگان کی کل تعداد زائد از 17 لاکھ ہے۔
سری نگر سیٹ کے لئے کل 24 امید وار میدان میں ہیں تاہم نیشنل کانفرنس کے آغا روح اللہ، پی ڈی پی کے وحید پرہ اور اپنی پارٹی کے اشرف میر کے درمیان کانٹے کی ٹکر متوقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں