0

صدر جمہوریہ اور وزیراعظم نے ووٹروں سے بڑھ چڑھ کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اپیل کی

نئی دہلی، 19 اپریل (یو این آئی) صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو ووٹروں، خاص طور پر نوجوان ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ لوک سبھا انتخابات کا پہلا مرحلہ شروع ہونے کے ساتھ ہی ریکارڈ تعداد میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔

ملک کے مستقبل میں حصہ لینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، محترمہ مرمو نے تمام ووٹروں، خاص طور پر پہلی بار ووٹ دینے والوں سے اس لمحے کا لطف اٹھانے کی اپیل کی۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان نہ صرف سب سے بڑی جمہوریت ہے بلکہ جمہوریت کی ماں بھی ہے۔ محترمہ مرمو نے سوشل میڈیا ایکس پر پوسٹ کیا ’’سال 2024 کے لوک سبھا انتخابات آج سے شروع ہو رہے ہیں۔ ملک کی 21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 102 سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے، میں تمام ووٹرز سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ ان سیٹوں پر ریکارڈ تعداد میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔‘‘

انہوں نے ایک اور پوسٹ میں لکھا، “میں ووٹروں سے ، خاص طور پر نوجوان اور پہلی بار ووٹ دینے والوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں۔ بالآخر، ہر ووٹ معنی رکھتا ہے اور ہر آواز کی اہمیت ہوتی ہے۔‘‘

وزیراعظم نریندر مودی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں اور ووٹنگ کا نیا ریکارڈ بنائیں۔ پہلے مرحلے میں ملک کی 21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 102 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ اروناچل پردیش اور سکم اسمبلی کی 92 سیٹوں کے لیے بھی ووٹنگ ہو رہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جمہوریت کا سب سے بڑا تہوار آج سے شروع ہو رہا ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں 21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 102 سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے۔ میں ان تمام نشستوں کے ووٹروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں اور ووٹنگ کا نیا ریکارڈ بنائیں۔ میری ان نوجوان دوستوں سے خصوصی اپیل ہے جو پہلی بار ووٹ ڈالنے جا رہے ہیں کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ ڈالیں۔ جمہوریت میں ہر ووٹ قیمتی اور ہر آواز اہم ہوتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں