سری نگر،10اپریل(یو این آئی)جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، سیاسی جماعتوں کے سربراہوں اور پولیس کے اعلی افسروں نے عید الفطر کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
پولیس سربراہ آر آر سوئن نے جموں وکشمیر میں رہنے والے لوگوں ، پولیس آفیسران ، مرد و خواتین کو عید الفطر کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں ڈی جی پی سوین نے کہا، “اللہ تعالی جموں و کشمیر کے ہر گھر میں امن اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے“۔
جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ (رکن پارلیمان)نے عیدالفطر کی مقدس تقریب سعید پر عالم اسلام خصوصاً جموں وکشمیر کے تینوں خطوں کے فرزندان توحید کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر کی تقریب ماہ صیام کے اختتام پر منائی جاتی ہے۔ بےشک یہ مقدس تقریب منانے کے وہی حقدار ہیں جن کے روزے اللہ نے قبول کئے ہیں۔
اُنہوں نے کہا ،کہ عید خصوصی مسرت لے کر آتی ہے اور مسرت ایسی چیز ہے کہ انسان خود محسوس کرتے ہوئے اِس کا اظہار کرتا ہے۔
انہوں نے کہا ،کہ عید کی اِن مسرت گھڑیوں میں اپنی اُن بھائیوں اور بہنوں کو یاد کرنے کی ضرورت ہے جو زمانے کے ستم رسیدہ ہیں اور مفلوک الحال ہونے کے نتیجے میں اپنے معصوم اور کمسن بچوں کیلئے بنیادی ضروریات میسر رکھنے کے اہل نہیں ہیں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس عید کے طفیل جموں وکشمیر کے عوام کو درپیش چیلنجوں میں سرخرو کرے۔
پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اپنے پیغام میں کہاکہ اللہ تعالیٰ یہ عید پوری عالم انسانیت کی بقا کیلئے، عالم اسلام کی سربلندی، لوگوں کو مسرتوں اور شادمانیوں کی باعث ہو۔ نیز خالق کائنات یہ عید ملک کشمیر کے مکمل امن وامان کی بحالی کیلئے موجب ثابت ہو۔
انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ عوام اپنے پسماندہ، نادار اور مفلس بھائیوں کا عید کے موقعے پر خاص خیال رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا دین ہمیں یہی تعلیم دیتا ہے اور انسانیت کا بھی یہی تقاضہ ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ مل کر خوشیاں منائیں اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں کام آئیں۔
سابق مرکزی وزیر اور کانگریس لیڈر پروفیسر سیف الدین سوز نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر عوام بالخصوص جموں و کشمیر کے مسلمانوں کو پرتپاک مبارکباد پیش کی۔
سوز نے اپنے پیغام میں کہا، ”میں جموں و کشمیر کے عوام بالخصوص مسلمانوں کو عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘‘
پروفیسر سوز نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ ان لوگوں کے ساتھ اپنی خوشیاں بانٹیں جو کم مراعات یافتہ ہیں۔
انہوں نے کہا، “میں عاجزی سے درخواست کرتا ہوں کہ جب ہم اس خوشی کے موقع کو منا رہے ہیں تو ہم غریبوں اور ضرورت مندوں کے ساتھ اپنی خوشی بانٹنا اور اپنے معاشرے کے پسماندہ افراد کی مدد کرنا یاد رکھیں۔ اس کے علاوہ، میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ جموں و کشمیر کی امن اور بھلائی کے لیے دعا کریں۔
دریں اثنا پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی، پیپلز کانفرنس کے چیرمین سجاد غنی لون، ڈیموکریٹک پروگریسیو آزاد پارٹی کے سربراہ غلام نبی آزاد اور اپنی پارٹی کے چیرمین الطاف بخاری نے بھی عید الفطر کے موقع پر جموں وکشمیر کے عوام کومبارکباد پیش کی ہے۔
یو این آئی