0

لداخ میں بی جے پی اور کانگریس کو کراری شکست آزاد اُمیدوارحاجی حنیفہ جان کی جیت

سری نگر :۴،جون:جے کے این ایس : مرکزی زیرانتظام علاقہلداخ کی واحد پارلیمانی نشست پربھاجپا کو کراری شکست کا سامنا کرنا پڑا ،کیونکہ یہاں سے آزاد اُمیدوار حاجی حنیفہ جان نے کامیابی حاصل کی ۔جے کے این ایس کے مطابق ووٹ شماری کے ابتداءسے ہی آزاد امیدوار حاجی حنیفہ جان نے سبقت حاصل کی اور اگلے راﺅنڈس میں انہوںنے اپنی سبقت کو بڑھایا۔ ووٹ شماری کے پہلے راونڈ میں حاجی حنیفہ جان کو 49558 ووٹ حاصل ہوئے اور وہ اپنے قریبی حریف کانگریس کے چھرینگ نمگیال سے23559 ووٹوں سے آگے ہیں۔ نمگیال کوپہلے راﺅنڈمیں 25999ووٹ ملے ۔بھاجپا کے امیدوار تاشی گیالسن20412 ووٹ لیکر تیسرے نمبر تھے۔ بعدازاں ووٹ شماری کے اگلے راﺅنڈس میں آزاد اُمیدوار حاجی حنیفہ جان نے اپنی سبقت کو بڑھانے کیساتھ ساتھ مستحکم کیا ،اور بالآخر انہوںنے ایک بڑاسیاسی اُلٹ پھیر کرتے ہوئے بھاجپا اور کانگریس کے نامزد اُمیدواروں کو شکست دیکر اس اہم نشست پر تاریخی جیت حاصل کی ۔قابل ذکر ہے کہ بھاجپا کے امیدوار تاشی گیالسن اس وقت لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے چیئرمین ہیں جنہیں پارٹی نے 2019 میں جیت درج کرنے والے نوجوان لیڈر جمیانگ چھرنگ نمگیال کی جگہ امیدوار نامزد کیا۔کرگل کی سیاسی قیادت چاہتی تھی کہ انڈیا اتحاد کرگل سے تعلق رکھنے والے اُمیدوار کو پارٹی کا امیدوار نامزد کرے لیکن کانگریس نے ٹی نمگیال کو اپنا امیدوار نامزد کیا جس کی نیشنل کانفرنس نے بھی حمایت کی تاہم اس فیصلے کےخلاف نیشنل کانفرنس کی ساری قیادت کرگل میں فرنٹ ہوگئی اور انہوں نے پارٹی کے فیصلے کے ردعمل میں کرگل سے اپنا اُمیدوار نامزد کیا۔ حاجی حنیفہ جان کو کرگل کے سبھی مذہبی اداروں اور سیاسی گروپس کی حمایت حاصل ہوگئی۔سیاسی تجزیہ نگاروں کےمطابق لیہہ ضلع میں بودھ ووٹ گیالسن اور نمگیال میں تقسیم ہو ا جبکہ کرگل اور لیہہ کے مسلم علاقوں سے حاجی حنیفہ کو مکمل تائید مل رہی ہے جسکی وجہ سے انکی جیت یقینی ہوگئی ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کیلئے لداخ کی سیٹ کا خسارہ ایک صدمے سے کم نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر کی تقسیم اور لداخ کو ایک علیحدہ یونین ٹریٹری بنانے کے فیصلے کی کرگل میں مخالفت ہوئی ہے۔ کرگل کے لوگ کشمیر وادی کے ساتھ منسلک رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے اگست2019 میں مرکزی حکومت کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں