0

لوک سبھا الیکشن میں لوگوں نے فیصلہ سنا کر آئین کو بچا لیا: ڈاکٹر فاروق عبداللہ

سری نگر، 7 جون (یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں لوگوں نے فیصلہ سنا کر ملک کے آئین کو بچا لیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات ثابت ہوگئی کہ اصلی طاقت لوگ ہی رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بار اپویشن بہت مضبوط ہوگی۔
موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
حالیہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے بارے میں انہوں نے کہا: ‘لوگوں نے فیصلہ سنا دیا جس سے ہندوستان کا آئین بچ گیا اور یہ ثابت ہوگیا کہ اصلی طاقت عوام کے پاس ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے پاس ووٹ کے سوا کچھ بھی نہیں ہے جس سے وہ حکومت بناتے ہیں اور گراتے بھی ہیں۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا: ‘جو 370 یا 4 سو پار کی باتیں کرتے تھے میں سمجھتا ہوں کہ ایگزٹ پول کو بند کیا جانا چاہئے اور ان کو چاہئے کہ وہ لوگوں سے معافی مانگیں’۔
این ڈی اے کی حکومت بنانے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘جب حکومت بن جائے گی تو سب دیکھیں گے’۔
اپوزیشن کے بارے میں ان کا کہنا تھا: اس بار جو اپوزیشن بن جائے گی وہ بہت مضبوط ہوگی پہلے ہم کمزور تھے ہماری باتوں کو سنا نہیں جاتا تھا’۔
قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر کی پانچ لوک سبھا سیٹوں میں سے نیشنل کانفرنس نے دو سیٹوں پر کامیابی کا جھنڈا گاڑ دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں