0

لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے میں 62.2 فیصد ووٹنگ ہوئی : الیکشن کمیشن

نئی دہلی، 23 مئی ( یو این آئی ) لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے میں آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 49 سیٹوں کے لیے 62.2 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
الیکشن کمیشن نے جمعرات کو کہا کہ اس مرحلے کے لیے 20 مئی کو ووٹ ڈالے گئے اور تمام 49 سیٹوں پر 62.2 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ مردوں کی ووٹنگ کا تناسب 61.48 فیصد جبکہ خواتین کا 63 فیصد رہا۔ اس کے علاوہ ٹرانس جینڈر ووٹرز کا تناسب 21.96 تھا۔
کمیشن کے مطابق مغربی بنگال میں سب سے زیادہ 78.45 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ بہار میں 56.76 فیصد، جموں و کشمیر میں 59.10، جھارکھنڈ میں 63.21، لداخ میں 71.82، مہاراشٹر میں 56.89، اڈیشہ میں 73.50 اور اتر پردیش میں 58.02 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
کمیشن نے کہا ہے کہ اڈیشہ کے کندھمال میں دو پولنگ اسٹیشنوں پر آج دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے، اس لیے ووٹنگ کا فیصد مزید بڑھ سکتا ہے ۔
پانچویں مرحلے میں اتر پردیش کی 14، مہاراشٹر کی 13، مغربی بنگال کی سات، اڈیشہ اور بہار کی پانچ، پانچ، جھارکھنڈ کی تین اور جموں کشمیر اور لداخ کی ایک ایک سیٹ کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔
ووٹنگ کے پانچویں مرحلے کے ساتھ ہی کل 543 سیٹوں میں سے 428 سیٹوں پر ووٹنگ کا عمل ختم ہو گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 102 پارلیمانی حلقوں، دوسرے میں 88، تیسرے میں 93، چوتھے میں 96 اور پانچویں مرحلے میں 49 پارلیمانی حلقوں میں انتخابات ہو چکے ہیں۔ چھٹے اور ساتویں مرحلے میں بالترتیب 25 مئی اور یکم جون کو ووٹنگ ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں