0

لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے کی تیاریاں مکمل، ووٹنگ پیر کو ہوگی

نئی دہلی، 19 مئی (یو این آئی) لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے میں پیر کو آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 49 پارلیمانی نشستوں اور اڈیسہ اسمبلی کے دوسرے مرحلے کے لئے 35 نشستوں پر ووٹنگ کے ہموار انعقاد کے لئےلیے ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن نے اتوار کو ایک ریلیز میں یہ اطلاع دی۔ ووٹنگ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگی اور کچھ پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ ختم ہونے کے مقررہ وقت میں تبدیلی ہوسکتی ہے۔
اس مرحلے میں 49 لوک سبھا سیٹوں پر 695 امیدواروں اوراڈیشہ اسمبلی کے دوسرے مرحلے کے لیے 35 سیٹوں پر لڑنے والے 265 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ اڈیشہ اسمبلی کی 147 سیٹوں میں سے 28 سیٹوں پر پہلے مرحلے میں 13 مئی کو ووٹنگ ہوئی تھی۔
الیکشن کمیشن نے ووٹرز کی شرکت بڑھانے کے لیے ووٹر آگاہی پروگرام منعقد کیے ہیں۔ نیز چیف الیکشن افسران اور ضلعی الیکشن افسران کو سخت گرمی اور لو جیسی صورتحال کے پیش نظر مناسب انتظام کے لیے خاطر خواہ اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ الیکشن ورکرز کو مشینوں اور میٹریل کے ساتھ ان کے متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں پر روانہ کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ووٹنگ کو آرام دہ اور محفوظ ماحول میں یقینی بنانے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ پولنگ اسٹیشن پر مناسب سایہ، پینے کا پانی، ریمپ، بیت الخلا اور دیگر بنیادی سہولیات ہونی چاہئیں۔
کمیشن نے ووٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشنوں پر آئیں اور ذمہ داری اور فخر کے ساتھ ووٹ دیں۔
اتوار کو کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ریلیز کے مطابق آٹھ ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے کل 49 لوک سبھا حلقوں میں 8.95 کروڑ ووٹر 94732 پولنگ مراکز پر اپنا ووٹ ڈال کر 695 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کر سکیں گے۔ ان میں 4.69 کروڑ مرد، 4.26 کروڑ خواتین اور 5409 ٹرانس جینڈر ووٹر شامل ہیں۔
اس مرحلے کی 49 پارلیمانی نشستوں میں سے 39 جنرل زمرہ، تین درج فہرست قبائل اور سات درج فہرست ذات کی نشستیں ہیں۔ اڈیشہ اسمبلی کی 35 نشستوں میں سے 21 عام زمرے کے لیے، آٹھ درج فہرست قبائل کے لیے اور چھ سیٹیں درج فہرست ذات کے لیے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں