0

لوگ بھاری تعداد میں نکل کر ووٹ ڈال رہے ہیں: عمر عبداللہ

سری نگر، 20 مئی (یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ بارہمولہ لوک سبھا سیٹ کے تمام اضلاع میں بھاری تعداد میں لوگ ووٹ ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘سیاست داں ہونے کی حیثیت سے میری لوگوں سے اپیل ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں باہر نکل کر ووٹ ڈالیں اور ایک امید وار کے ناطے میری ان سے اپیل ہے کہ وہ میرے حق میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں’۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار پیر کو وسطی ضلع بڈگام میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘کپوارہ، بارہمولہ، بڈگام تمام علاقوں میں لوگ اچھی تعداد میں باہر آکر ووٹ ڈال رہے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ”سیاست داں ہونے کی حیثیت سے میری لوگوں سے اپیل ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں باہر نکل کر ووٹ ڈالیں اور ایک امید وار کے ناطے میری ان سے اپیل ہے کہ وہ میرے حق میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں’۔
جنوبی کشمیر کے ملی ٹنٹ حملوں کے بارے میں پوچھے جانے پر عمر عبداللہ نے کہا: ‘ہم یہ بات بار بار کہتے ہیں کہ حالات نارمل نہیں ہیں اور ملی ٹنٹوں نے بھی بار بار یہ ثابت کیا کہ وہ کبھی بھی حملہ کر سکتے ہیں’۔
انہوں نے کہا: ‘میری حکومت سے گذارش ہے کہ وہ اب کم سے کم نارملسی کی بات کم کریں اور ٹورزم کا بھی ذکر کم کریں کیونکہ جب وہ نارملسی کو ٹورزم کے ساتھ جوڑتے ہیں تو سیاح خطرے میں پڑتے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘میری حکومت میں بھی سیاح یہاں آئے لیکن ہم کبھی یہ نہیں کہا کہ سیاحی یہاں آتے ہیں تو حالات نارمل ہیں’۔نائب صدر نے کہا کہ بی جے پی کو بھی یہاں حالات ٹھیک ہونے کا دعویٰ نہیں کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا: ‘اگر یہاں امن و قانون کی صورتحال بحال ہے تو اس کا سہرا عوام کے سر جاتا ہے’۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں