0

نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس نے لاشوں پر سیاست کی : بی جے پی قومی جنرل سیکریٹری

سری نگر،06اپریل(یو این آئی) بی جے پی کے سینئر لیڈر ترون چگ کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر میں تاریخی نوعیت کے ترقیاتی کام کیے گیے جنہیں دیر تک یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس نے یہاں لاشوں پرسیاست کی۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر کے لوگوں کو قید خانے سے آزاد کیا کیونکہ تین خاندانوں نے یہاں کے لوگوں کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم نہیں کیا۔
بی جے پی قومی جنرل سیکریٹری نے کہاکہ نریندر مودی کی سربراہی میں مرکزی سرکار یہاں کے لوگوں کو پر امن ماحول فراہم کرنے کے وعدے پر کاربند ہے۔
ان کے مطابق بی جے پی نے جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ جتنے بھی وعدئے کئے انہیں پورا کیا گیا۔
انہوں نے کہا:’دہشت گردی کے خلاف موجودہ حکومت زیرو ٹرولنس کی پالیسی پر کاربند ہے اور یہ کہ اب دہشت گردی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔‘
بی جے پی لیڈر نے کہاکہ جو چھیڑے گا ہم گھر میں گھس کر ان کے خلاف کارروائی کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔
ان کے مطابق مودی جی نے جموں وکشمیر کے لوگوں کو دہشت گردی سے آزادی فراہم کی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ کانگریس ، پی ڈی پی اور نہرو خاندان نے جموں وکشمیر کا بیڑا غرق کیا اور یہاں کے لوگوں پر مظالم ڈھائے۔
ترون چگ نے کہاکہ تین خاندانوں پی ڈی پی ، نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے لاشوں پر بھی سیاست کی اور یہاں کے لوگوں کو گمراہ کیا۔
انہوں نے کہا :’تین خاندانوں نے اپنے دور میں جموں وکشمیر کو تعمیر وترقی سے پرے رکھا تاہم بھاجپا نے دونوں صوبوں میں تعمیر وترقی کے کام شروع کئے۔
بی جے پی لیڈر نے کہاکہ ان تین خاندانوں کے بارے میں لوگوں کو پوری واقفیت حاصل ہو گئی ہے اور آنے والے چناو میں انہیں منہ کی کھانی پڑے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بھارت آج دنیا کی تیسری بڑی معیشت کے طورپر ابھر کر سامنے آیا ہے اور یہ سب کچھ نریندر مودی کی وجہ سے ہی ممکن ہو پایا ہے۔
انہوں نے کہا:’مودی ہے تو مممکن ہے۔‘

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں