0

وزیر داخلہ کا دورہ کشمیر جنوبی کشمیر کی سیٹ کے الیکشن موخر کرنے کا سبب تھا: عمر عبداللہ

سری نگر، 23 مئی (یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا دعویٰ ہے کہ اننت ناگ – راجوری لوک سبھا سیٹ کے الیکشن کو وزیر داخلہ کو یہاں آنے کا موقع فراہم کرنے کے خاطر موخر کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس سیٹ کے الیکشن موخر کرنے کی کوئی ضرورت ہی نہیں تھی۔انہوں نے اس سیٹ کے لوگوں سے بڑھ چڑھ کر ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں ایک انتخابی ریلی کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘اننت ناگ – راجوری لوک سبھا سیٹ کے الیکشن موخر نہیں ہونے چاہئے تھے موسم کا بہانہ بنا کر ایسا کیا گیا’۔ان کا کہنا تھا: ‘اس کو اس لئےموخر کیا گیا کیونکہ وہ وزیر داخلہ صاحب کو یہاں آنے کا موقع دینا چاہتے تھے’۔
ایک سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہا: ‘ایک طرف وزیر اعظم صاحب کہتے ہیں کہ وہ ہندو مسلم کی بات نہیں کرتے ہیں تو دوسری طرف بی جے پی کی ہر تقریب میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے’۔انہوں نے کہا: ‘ملک کے لوگ ووٹ دے کر اس کا جواب دیں گے جب 4 جون کو ایک نیا وزیر اعظم بن جائے گا’۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اب جونبی کشمیر کی لوک سبھا سیٹ کے لئے بھی مہم کا سلسلہ بند ہوگا اور 25 مئی کو لوگ ووٹ ڈالیں گے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بڑھ چڑھ کر ووٹ ڈالیں اور ہل کے نشان کا بٹن دبا کر میاں الطاف صاحب کو خدمت اور نمائندگی کرنے کا موقع دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں