سری نگر،11 اپریل (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے فرسی پورہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان تصادم آرائی کے دوران ایک عدم شناخت دہشت گرد ہلاک ہوا ہے جبکہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔کشمیر
کشمیر زون پولیس نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘جائے تصادم آرائی سے ایک دہشت گرد کی لاش بر آمد کی گئی جس کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے’۔انہوں نے کہا کہ اس کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود اور قابل اعتراض مواد بر آمد کیا گیا۔ان کا کہنا ہے کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جار ہے۔
قبل ازیں کشمیر زون پولیس نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘پلوامہ کے فرسی پورہ علاقے میں انکاﺅنٹر شروع ہوا ہے، پولیس اور سیکورٹی فورسز کام پر لگے ہوئے ہیں، اس سلسلے میں مزید تفصیلات کو شیئر کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں اطلاع موصول ہونے پر سیکورٹی فورسز نے جمعرات اعلیٰ الصبح کو پلوامہ کے فرسیپورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر فائرنگ شروع ہوئی جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
0