0

پلوامہ میں انکاونٹر شروع، ملی ٹینٹوں اور فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ جاری

سری نگر،03 جون: جنوبی ضلع پلوامہ کے نیہامہ گاوں میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ جاری ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ کے نیہامہ گاوں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے درمیانی شب گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر چھپے بیٹھے ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ پولیس اور نیم فوجی دستوں نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران کافی دیر تک دو بدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔
ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے نیہامہ اور اس کے ملحقہ علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ گاوں میں تین دائر وں والی سیکورٹی کا بندوبست کیا گیا ہے تاکہ ملی ٹینٹوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہ ہو سکے۔

دریں اثنا پولیس ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا :’پلوامہ کے نیہامہ گاوں میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین انکاونٹر شروع ہوا ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے میں فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

یو این آئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں