0

پولیس اور فوج کے سینئر آفیسران نے مشترکہ میٹنگ کے دوران سیکورٹی منظر نامے کا جائز ہ لیا

جموں،05اپریل(یو این آئی)پولیس سربراہ آر آر سوین ، جی او سی وائٹ نائٹس کارپس لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیو کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران جموں وکشمیر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
دفاعی ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ آر آر سوین ، جی او سی وائٹ نائٹس کارپس لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیو اور فوج کے سینئر آفیسران کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران جموں وکشمیر کی سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ اس میٹنگ کے دوران تمام سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل اور آنے والے مہینوں کے دوران سیکورٹی تیاریوں پر گفت وشنید ہوئی۔
دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ اس غیر معمولی اہمیت کی حامل میٹنگ میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ انسداد دراندازی اور انسداد دہشت گردی گرڈ کو مضبوط کرنے کی خاطر طریقہ کار پر غورو غوض کیا گیا۔
میٹنگ کے دوران جموں وکشمیر میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں سینئر آفیسران کو جانکاری فراہم کی گئی۔
ذرائع کے مطابق جی او سی اور پولیس سربراہ کو ایل او سی پر فوج کی تعیناتی کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ حد متارکہ پر فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فوج اور پولیس کے سینئر آفیسران کے مابین ملاقات کے دوران جموں وکشمیر کی مجموعی سیکورٹی صورتحال پربھی تبادلہ خیال ہوا۔
اس اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران آنے والے پارلیمانی انتخابات کے حوالے سے بھی گفت وشنید ہوئی۔
پولیس سربراہ نے میٹنگ کے دوران آفیسران پر زور دیا کہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر حساس علاقوں میں سیکورٹی اور انٹیلی جنس گرڈ کو مضبوط مزید بنایا جائے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں