0

ڈوڈہ :بھلیسہ میں بھیانک آتشزدگی ایک درجن کے قریب دکانیں خاکستر

جموں،08اپریل(یو این آئی)جموں وکشمیر کے ڈوڈہ ضلع کے گواری بھلیسہ میں پیر کی صبح آگ کی ایک ہولناک واردات میں ایک درجن کے قریب دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
ضلعی ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ نے بتایا کہ عید الفطر کے پیش نظر متاثرین کی بھر پورمالی مدد فراہم کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق ڈوڈہ کے گواری بھلیسہ میں پیر کی صبح دکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً پورے مارکیٹ کو لپیٹ میں لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی ، پولیس اور فوج کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں ایک درجن دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ بھلیسہ کے گواری علاقے میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں بارہ دکانیں خاکستر ہوئی ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ علاقے میں فائر اسٹیشن کی عدم دستیابی کی وجہ سے آگ نے بھیانک رخ اختیار کیا۔
مقامی لوگوں نے اعلیٰ حکام سے بھلیسہ میں فائر اسٹیشن کے قیام کا مطالبہ کیا ہے تاکہ دور افتادہ علاقے میں آگ کی وارداتوں پر جلد ازجلد قابو پایا جاسکے۔
دریں اثنا ضلعی ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اور متاثرین کو یقین دلایا کہ ان کی بھر پور مالی مدد فراہم کی جائے گی۔
نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پیر کی صبح بھلیسہ کے گواری گاوں میں آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ، فوج اور فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے ۔
انہوں نے کہا کہ آگ کی اس واردات میں 8دکانوں کو نقصان پہنچا جبکہ لاکھوں روپیہ مالیت کی اشیاءراکھ کے ڈیر میں تبدیل ہوئی۔
ان کے مطابق عید الفطر کے پیش نظر متاثرہ آٹھ کنبوں کو معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔ ضلعی ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ مقامی لوگوں نے علاقے میں فائر اسٹیشن کے قیام کا مطالبہ کیا ہے جس پر سنجیدگی کے ساتھ غور کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں