0

کانگریس کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے امیدواروں کی حمایت کرے گی:عمر عبداللہ

سری نگر، 4 اپریل (یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ کانگریس کشمیر میں لوک سبھا سیٹوں کے لئے نامزد کئے گئے نیشنل کانفرنس کے تینوں امید واروں کی حمایت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ صوبہ جموں میں کانگریس کے دونوں امیدواروں کے لئے انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک دو دنوں میں دلی جانے کے بعد یہ صاف کیا جائے گا کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس جموں و کشمیر کی پانچوں سیٹوں پر اکٹھے لڑیں گے۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے ہا: ‘کانگریس کے ساتھ بات ہوئی ہے کانگریس کی طرف سے کشمیر کی تینوں لوک سبھا سیٹوں کے امید واروں کو بھر پور سپورٹ ملے گا’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ایک دو دنوں میں دلی جانے کے بعد یہ صاف کیا جائے گا کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس جموں و کشمیر کی پانچوں سیٹوں پر اکٹھے لڑیں گے’۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ جموں میں کانگریس کے دونوں امید واروں کے لئے مہم چلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘میرے بھی پروگرام شروع ہوں گے ہماری پوری کوشش ہوگی کہ ہم جموں میں کانگریس کے دونوں امید واروں کو کامیاب کریں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘کانگریس نے بھی ہمیں یقین دہانی کی ہے کہ کشمیر میں جہاں جہاں ان کا اثر رسوخ ہے وہ اس کو نیشنل کانفرنس کے امید واروں کی کامیابی کے لئے استعمال کریں گے’۔
سنجے سنگھ کو ضمانت ملنے پر پوچھے جانے پر سابق وزیر اعلیٰ نے کہا: ‘عدالت نے اپنے مشاہدات میں کہا کہ سنجے سنگھ کو بند رکھنے کے لئے جو ثبوت ضرورت ہیں وہ پیش نہیں کئے گئے، یہ وہی کیس ہے جس میں اروند کیجروال اور منیش سسودیا بند ہیں، امید ہے کہ ان کو دونوں لیڈروں کو بھی جلد ہی ضمانت مل جائے گی’۔
باہر کی ریاستوں میں انڈیا الائنس کے لئے مہم چلانے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘میں کون ہوتا ہوں باہر کی ریاستوں میں الیکشن مہم چلانے والا، میں نیشنل کانفرنس کا ایک ادنیٰ ورکر ہوں، میری ذمہ داری ہے کہ کشمیر میں اپنے امیداروں کی کامیابی اور جموں میں کانگریس کے امیدواروں کی کامیابی کے لئے کام کروں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘میرا جموں و کشمیر اور لداخ سے باہر جا کر مہم چلانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے تاہم جہاں تک ڈاکٹر فاروق عبداللہ صاحب کا تعلق ہے اس پر میں بات نہیں کرسکتا ہوں’۔
ایک سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہا: ‘ہم امید کرتے ہیں کہ جس طرح ہمیں دھوکہ دیا گیا کم سے کم ووٹ کے ذریعے اس کے خلاف آواز بلند کی جائے گی’۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر کے ووٹروں کے لئے اچھا موقع ہے کہ جو یہاں ایک سیاسی خلا پیدا ہوا ہے وہ اس کو ایک سیاسی شکل دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں