0

کشمیر میں رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری،کسانوں سے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران آپریشنز معطل رکھنے کا مشورہ

سری نگر، 12 مئی (یو این آئی) محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس دوران کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کھیت کھلیانوں اور باغوں میں آپریشنز معطل رکھیں۔

محکمے کے مطابق سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران2.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 3.6 ملی میٹر اور کپوارہ میں 8.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالترتیب 8.6 اور 0.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 12 ی بارشوں کا امکان ہے اور پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے اور اس دوران تیز ہوائیں بھی متوقع ہیں۔

موصوف ترجمان کا کہنا ہے کہ وادی میں 13 مئی کو بھی موسم جزی یا کلی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران ہلکی بارشوں کا بھی امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 14 سے 18 مئی تک موم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 19 مئی کو بعد دوپہر کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے تاہم بعد میں 20 سے 23 مئی تک موسم ایک بار پھر مجموعی طور پر خشک رہنے کا مکان ہے۔

محکمے کی طرف سے جاری ایک ایڈوائزری میں کسانوں سے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کھیت کھلیانوں اور باغوں میں اپنے آپریشنز معطل رکھنے کو کہا ہے اور لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس دوران دریائوں اور جھیل جھرنوں میں شکارہ سواری اور کشتیاں چلانے سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس دوران کچھ مقامات پر مٹی کے تودے یا چٹانیں کھسک سکتی ہیں اور کہیں کہیں تیز ہوائیں اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

دریں اثنا وادی میں نا موافق موسم کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں کہیں اضافہ تو کہیں گراوٹ درج ہوئی ہے۔

گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 12.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت6.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت8.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

گیٹ وے آف کشمری کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 10.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت9.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں