0

کشمیر میں شب قدر کی مقدس تقریبات عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئیں

سری نگر،07اپریل(یو این آئی) وادی کشمیر میں تمام مسجدوں، خانقاہوں اور زیارت گاہوں میں شب قدر کی مناسبت سے روح پرور مجالس کا اہتمام کیا گیا جن میں رات بھر لوگ درود و اذکار اور مناجات و استغفار میں مصروف رہے۔
اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب در گاہ حضرت سرینگر میں منعقد ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق دنیا کے دیگر حصوں کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر میں بھی شب قدر کی مقدس تقریبات عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئیں اور اس موقع پر درگاہ حضرت بل او روادی کی دیگر تمام مساجد و خانقاہوں میں روح پرور اجتماعات کا انعقاد ہوا جن میں لاکھوں فرزندان توحید بشمول خواتین کی ایک بڑی تعداد نے خشوع و خضوع کے ساتھ شرکت کی۔
فرزندان توحید رات بھر اللہ کے حضور سربسجود رہے اور رب کائنات سے اپنے گناہوں اور خطاوں کے لئے درگذر طلب کیا۔
اس موقع پر خصوصی دعائین بھی مانگی گئیں جس کے دوران رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے ، عقیدتمندوں کی زبانوں سے جاری اللہ اکبر کے فلک شگاف ورد کی وجہ سے درگاہ حضرت بل کا پورا علاقہ رات بھر گونجتا رہا۔
شب قدر کے سلسلے میں سب سے بڑی تقریب آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے اطرا ف و اکناف سے آئے لاکھوں فرزندان توحید نے شب خوانی کی جس کے دوران دور د و زکار، ختمات المعظمات اور توبہ استغفار کی خصوصی محفلیں آراستہ کی گئیں۔
شب قدر کے سلسلے میں تمام مساجدوں، خانقاہوں، اور زیارت گاہوں کو سجایا گیا تھا اور انتظامیہ کی طرف سے زائرین کو ہر ممکن سہولیت فراہم کرنے کے لئے بہتر انتظامات کئے گئے تھے۔
زیارت حضرت سلطان العارفین مخدوم صاحب (رح)، جناب صاحب صورہ ، آثار شریف کلاشپورہ، مسجد اقرا سرائے بالا ، دستگیر صاحب خانیار، سرائے بالا ، سید یعقوب صاحب سونہ وار ، خانقاہ معلی سری نگر ، حضرت شیخ العام شیخ نور الدین نورانی (رح )چرار شریف، کھرم سرہامہ، اہم شریف بانڈی پورہ ، پکھر پورہ ، بابار یشی، خانقاہ فیض پناہ ترال ، بارہ مولہ ، جامع مسجد سوپور کے علاوہ جموں کے مختلف علاقوں میں بھی خانقاہوں اور مساجد میں شب خونی کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں