0

کشمیر میں موسم خشک و خوشگوار، شبانہ درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ریکارڈ

سری نگر، 16 مئی (یو این آئی) محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں موسم خشک و خوشگوار ہے اور اس دوران شبانہ درجہ حرارت میں بھی بتدریج اضافہ درج ہو رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 25 مئی تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 17 مئی تک خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ 18 اور 19 مئی کو موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وادی میں بعد ازاں 20 سے 25 مئی تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔،ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 25 مئی تک موسم میں کسی بڑی پیمانے کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کسانوں سے کہا ہے کہ وہ کھیت کھلیانوں اور باغوں میں اپنے آپریشنز شروع کریں۔دریں اثنا خشک موسم کے بیچ وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ درج ہو رہا ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت13.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت8.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت10.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت7.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت10.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں