0

کشمیر میں 10 سے 15 اپریل تک موسم نا موافق رہنے کی پیش گوئی

سری نگر، 8 اپریل (یو این آئی) وادی کشمیر میں خشک و خوشگوار موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے 10 اپریل کی رات سے 15 اپریل تک موسم نا موافق رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
متعلقہ محکمے کی طرف سے جاری ایڈوائزری کے مطابق اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں زمینی ٹرانسپورٹ متاثر ہوسکتا ہے اور کچھ نشیبی علاقوں میں عارضی پانی جمع ہونے کا امکان ہے۔
محکمے نے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ 10 اہریل سے 15 اپریل تک اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں آپریشنز معطل رکھیں۔
محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں 10 اپریل کی شام سے موسم جزوی سے کلی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کئی مقامات پر ہلکی بارشیں یا برف باری ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 11 اور 12 اپریل کو بھی موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارشیں یا برف باری متوقع ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ بعد ازاں وادی میں 13 سے 15 اپریل تک موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے اور اس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں اور ژالہ باری ہونے کا بھی امکان ہے۔
محکمے کی طرف سے جاری ایک ایڈوائزری میں کہا گیا کہ وادی میں 14 اور 15 اپریل کو کچھ پہاڑی علاقوں میں زمینی ٹرانسپورٹ متاثر رہ سکتا ہے اور کچھ نشیبی علاقوں میں عارضی طور پر پانی جمع ہوسکتا ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق کہیں کہیں مٹی کے تودے یا چٹانیں بھی کھسک سکتی ہیں۔
کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 10 اہریل سے 15 اپریل تک اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں آپریشنز معطل رکھیں۔
دریں اثنا گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب 0.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت3.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں