0

کشمیر میں 26 سے 30 اپریل تک برف و باراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی

سری نگر، 21 اپریل (یو این آئی) وادی کشمیر میں موسم میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے 26 سے 30 اپریل تک برف و باراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ وادی میں 21 سے 25 اپریل تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران بعد از دوپہر کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 26 سے 30 اپریل تک رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں جبکہ کچھ پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہےاور اس دوران گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں اور کہیں کہیں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
محکمے نے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں 25 اپریل تک آپیشنز چلا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سری نگر میں1.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس دوران قاضی گنڈ میں 2.0 ملی میٹر اور کپوارہ میں 8.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں 9.4 ملی میٹر جبکہ پہلگام میں 1.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
دریں اثنا موسم میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی شبانہ درجہ حرارت میں اضافہ درج ہوا ہے۔گرمائی دار الحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت8.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت0.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت6.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت9.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں