سری نگر، 15 اپریل (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں پولیس نے چوری کے ایک معاملے کو صرف تین گھنٹوں کے اندر ہی حل کرکے ملزم کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے مال مسروقہ بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن یاری پورہ کو 14 اپریل کو عبدالرشید دھوبی ولد غلام رسول دھوبی ساکن یاری پورہ سے ایک شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ 14 اپریل کی شام قریب 8 بجے جب اس نے مین چوک یاری پورہ میں اپنا دکان بند کیا تو کچھ نامعلوم چوروں نے دکان سے اس کا بیگ چرایا۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن یاری پورہ میں متعلقہ دفعات کے تحت میں ایک کیس درج کیا گیا اور ایس ایچ او کی قیادت میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی طرف سے کی جانے والی سخت کاوشوں اور دستیاب وسائل کی بنیاد پر کچھ مشکوک فراد کو پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پوچھ تاچھ کے دوران ثاقب احمد گنائی ولد عبدالرشید گنائی ساکن یاری پورہ نے اس جرم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا جس کے بعد اس کو حراست میں لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے انکشاف پر مسروقہ مال بصورت نقدی 36 ہزار 2 سو 40 رپیے اور دکان کا ریکارڈ بک بر آمد کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
0