0

کپوارہ میں ایک شخص کی گلا کٹی ہوئی لاش بر آمد

سری نگر، 27 مئی (یو این آئی) سرحدی ضلع کپوارہ کے آووورہ نامی ایک دور افتادہ گائوں میں پیر کی صبح اس وقت ہر سو سراسیمگی پھیل گئی جب ایک شخص کی اپنے ہی گھر میں گلا کٹی ہوئی لاش بر آمد کی گئی۔
یس ایس پی کپوارہ شوبھت سکسینہ نے جائے موقع پر میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ پیر کی صبح ہمیں ایک اطلاع موصول ہوئی کہ یہاں ایک شخص کی لاش گھر میں پڑی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اطلاع موصول ہونے کے بعد ایس ایچ او کی سربراہی میں پولیس کی ٹیم یہاں پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے اپنی تحویل میں لے لیا۔
ان کا کہنا تھا: ‘اس سلسلے میں تحقیقات شروع کی گئی ہیں، ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، جب چیزیں صاف ہوجائیں گی تو تفصیلات کو میڈیا کے ساتھ شیئر کیا جائے گا’۔
قبل ازیں ذرائع نے بتایا کہ کپوارہ کے میر مقام آوورہ گائوں میں پیر کی صبح عبد الحمید خان ولد گُلہ خان نامی ایک شخص کی اپنے ہی گھر میں خون میں لت پت دیکھا گیا جس کے گلے پر زخموں کے گہرے نشان تھے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کے متعلق پولیس کو مطلع کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس کی ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچی اور لاش کو طبی و قانونی لوازمات کی ادائیگی کے لئے اپنی تحویل میں لے لیا۔
دریں اثنا واقعے کے متعلق خبر پھیلتے ہی گائوں میں ہر سو سراسیمگی اور خوف و دہشت کا ماحول چھا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں