0

گاندربل میں چوری کا معاملہ حل، مال مسروقہ بر آمد، 3 گرفتار:پولیس

سری نگر، 6 اپریل (یو این آئی) جموں وکشمیر پولیس نے وسطی ضلع گاندربل میں نقب زنوں کے ایک گروپ کا پردہ فاش کرکے لاکھوں روپیے مالیت کا مال مسروقہ بر آمد کیا ہے اور اس سلسلے میں تین ملزموں کو گرفتار کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن گنڈ کو 22 مارچ 2024 کو ایک شکایت موصول ہوئی جس میں تجمل حسین نامی ہنگ پارک ریستوران کے مالک نے کہا کہ 21 اور 22 مارچ کی درمیانی شب نامعلوم افراد نے تالوں کو توڑا اور اس کے ریستوران میں گھس گئے جہاں سے انہوں نے قیمتی اشیا جیسے جنریٹر، دو انوٹر یونٹ، ٹرانسفارمر، گیس سٹو، کافی مشین، گیس سلینڈر، برتن، الیکٹرک تار وغیرہ کو اڑا لیا اور سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر چیزوں کو نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ اس شکایت پر پولیس اسٹیشن گنڈ میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی گاندربل سندیپ گپتا کی ہداہات پر کیس کی تحقیقات کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ پولیس ٹیم نے ایس ایچ او پولیس اسٹیشن گنڈ لطیف علی کی سربراہی میں سخت محنت اور تیکنکی مدد سے کچھ مشکوک افراد کی تلاش شروع کردی۔انہوں نے کہا کہ اس دوران ارشاد احمد کلواتو ولد عبدالرشید کلواتو ساکن نانی نارا سمبل کو حراست میں لے کر اس کی پوچھ تاچھ شروع کی۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ پوچھ تاچھ کے دوران اس نے جرم کے ارتکاب کا اعتراف کیا اور مزید دو ساتھیوں کی بھی شناخت ظاہر کی۔
بیان کے مطابق ارشاد احمد نے پوچھ تاچھ کے دوران فیروز احمد کلواتو ولد فاروق احمد کالواتو اور محمد سلیم کلو عرف جانا ولد عبدالخالق کلو ساکنان نانی نارا سمبل کی شناخت ظاہر کی جو جرم کے ارتکاب کے وقت اس کے ساتھ تھے۔انہوں نے کہا کہ پوچھ تاچھ کے دوران مزید مسروقہ مال بر آمد کیا گیا اور جرم کے لئے استعمال کیا جانے والا ایک ٹاٹا موبائل زیر رجسٹریشن نمبر JK01M – 6083 کو بھی ضبط کیا گیا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں