سری نگر، 3 اپریل (یو این آئی) پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اعلان کہ ان کی پارٹی کشمیر کی تینوں لوک سبھا سیٹوں کے لئے اپنے امید وار کھڑا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ان لوک سبھا سیٹوں کے امیدواروں کا اعلان عنقریب کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا: ‘انڈیا بلاک پارٹنر نیشنل کانفرنس نے پی ڈی پی کے لئے کشمیر کی تینوں سیٹوں پر امید وار کھڑنے کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں چھوڑا’۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘انڈیا بلاک پارٹنر نیشنل کانفرنس نے پی ڈی پی کے لئے کشمیر کی تینوں سیٹوں پر امید وار کھڑنے کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں چھوڑا’۔ان کا کہنا تھا ‘پی ڈی پی کشمیر کی تینوں لوک سبھا سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑا کرے گی اور امیدواروں کا اعلان آنے والے کچھ دنوں میں کیا جائے گا’۔
محبوبہ مفتی نے کہا: ‘نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ پی ڈی پی ان کو لوک سبھا انتخابات میں حمایت کرے گی لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس پارٹی نے اس کے لئے کوئی دروازہ کھلا نہیں چھوڑا ہے’۔انہوں نے کہا: ‘عمر عبداللہ کے مطابق پی ڈی پی کا کوئی وجود ہی نہیں ہے جو کچھ عمر عبداللہ نے گذشتہ روز کہا وہ ہم سے پہلے ہی کہا جانا چاہئے تھا’۔ان کا کہنا تھا کہ عمر عبداللہ کے بیان سے پی ڈی پی کے کارکن ناراض ہوئے ہیں جو اس موقع پر نیشنل کانفرنس کی حمایت کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صلاح مشورہ چل رہا ہے اور پی ڈی پی اپنے میدواروں کا بہت جلد اعلان کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبہ جموں کی دو لوک سبھا سیٹوں کے حوالے سے فی الوقت کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔
0