0

آر ایس پورہ سیکٹر میں بی ایس ایف اور پاک رینجرز کی فلیگ میٹنگ

جموں،12 فروری (یو این آئی) بین الاقوامی سرحد کے آر ایس پورہ سیکٹر میں جمعرات کو بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) اور پاک رینجرز کے درمیان ایک اہم فلیگ میٹنگ منعقد ہوئی۔ یہ میٹنگ بلی چک بارڈر آؤٹ پوسٹ کے نزدیک اس وقت طلب کی گئی جب پاکستان رینجرز نے حالیہ فائرنگ کے واقعے پر اعتراض اٹھایا تھا۔
ذرائع کے مطابق پاک رینجرز کی درخواست پر ہونے والی اس میٹنگ میں بی ایس ایف حکام نے فائرنگ کے معاملے کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ کارروائی مقررہ تربیتی مشق کا حصہ تھی جو اپنی حدود کے اندر انجام دی گئی تھی۔ حکام کا کہنا تھا کہ یہ فائرنگ کسی اشتعال انگیزی یا خلاف ورزی کے زمرے میں نہیں آتی۔
میٹنگ خوشگوار اور باہمی احترام کے ماحول میں منعقد ہوئی، جس دوران دونوں جانب کے افسران نے سرحدی امن و امان، رابطہ کاری اور غلط فہمیوں کے سدباب سے متعلق نکات پر اتفاق کیا۔ دونوں فورسز نے سرحد پر امن کی فضا برقرار رکھنے اور موجودہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
ذرائع کے مطابق، اس نوعیت کی فلیگ میٹنگز دونوں ملکوں کے درمیان طے شدہ طریقۂ کار کا حصہ ہیں، جن کا مقصد سرحدی معاملات کو سفارتی اور عسکری سطح پر حل کرنا اور کسی بھی ابہام یا کشیدگی کے امکان کو ختم کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں