0

امریکی صدر ٹرمپ کی مبینہ ویڈیو: ‘مناسب کارروائی کی جائے گی’: ہندوستانی وزارتِ خارجہ کا ردِعمل

نئی دہلی،12 فروری (یو این آئی)ہندوستانی وزارتِ خارجہ نے وزیرِ اعظم نریندر مودی سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اُس ویڈیو سے لاعلمی ظاہر کی ہے جس میں مبینہ طور پر ٹرمپ کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ وہ “مودی کا سیاسی کیریئر تباہ نہیں کرنا چاہتے”، تاہم وزارت نے واضح کیا ہے کہ اگر ایسی کوئی ویڈیو موجود ہے تو اُس پر مناسب کارروائی کی جائے گی۔
جمعرات کو اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا”جس ویڈیو کا آپ ذکر کر رہے ہیں، وہ فی الحال میری نظر سے نہیں گزری۔ تاہم، اگر اس قسم کی کوئی ویڈیو موجود ہے، خواہ وہ اصل ہو یا گمراہ کن،، ہم اس کا جائزہ لیں گے اور اس پر ضروری کارروائی کریں گے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر صدر ٹرمپ کی ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ مبینہ طور پر یہ کہتے ہوئے سنائی دیتے ہیں کہ وہ “مودی سے محبت کرتے ہیں” لیکن کچھ مخصوص باتیں کہہ کر “ان کا سیاسی کیریئر تباہ نہیں کرنا چاہتے”۔ اس ویڈیو نے سفارتی اور سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
بریفنگ کے دوران جب ترجمان سے ‘ایپسٹین فائلز’ (Epstein Files) سے متعلق سوال پوچھا گیا، تو انہوں نے کہا کہ ہندوستان پہلے ہی اس معاملے پر اپنا موقف واضح کر چکا ہے۔ انہوں نے صحافیوں کو مشورہ دیا کہ وہ اس پلیٹ فارم سے پہلے جاری کیے گئے تحریری اور زبانی بیانات کا حوالہ لیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں