0

جموں و کشمیر میں من گھڑت خبروں کی روک تھام کی خاطر نئی میڈیا پالیسی زیر غور:سرکار

جموں،12فروری(یو این آئی)جموں و کشمیر حکومت نے قانون سازیہ میں واضح کیا ہے کہ فیک نیوز اور غلط معلومات کے تدارک کے لیے ریاست بھر میں نگرانی کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے اور گزشتہ ایک برس کے دوران محکمہ اطلاعات نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور آن لائن پورٹلز پر نشر ہونے والی گمراہ کن معلومات کے خلاف مجموعی طور پر 28 سرکاری ریبٹل جاری کیے ہیں۔ حکومت کے مطابق اس عمل میں تمام محکموں کے اندر قائم مانیٹرنگ سیلز اور نامزد نوڈل افسران کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، جو فیک نیوز کی نشاندہی کے بعد اسے فوری طور پر محکمۂ اطلاعات تک پہنچاتے ہیں تاکہ عوام تک درست معلومات پہنچائی جا سکیں۔

حکومت نے ایوان کو بتایا کہ اگرچہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز اور گمراہ کن معلومات کا رجحان بڑھ رہا ہے لیکن محکمہ اطلاعات کے پاس کسی بھی نجی فیکٹ چیک یونٹ کو رجسٹر کرنے یا تسلیم کرنے کا کوئی نظام موجود نہیں اور نہ ہی گزشتہ تین برس کے دوران کسی فرد یا ادارے پر غلط معلومات پھیلانے کے سلسلے میں کوئی جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ حکومت نے یہ بھی واضح کیا کہ فیک نیوز پر جرمانے کا نفاذ محکمۂ اطلاعات کے دائرہ اختیار میں شامل نہیں۔

جواب میں مزید کہا گیا کہ نئی نیوز اور میڈیا پالیسی 2026 کا مسودہ اس وقت زیر غور ہے جس میں ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کی نگرانی، خبر کی تصدیق اور غلط معلومات کی روک تھام کے حوالے سے جامع رہنما خطوط شامل ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ بدلتی ہوئی میڈیا صورتحال کے پیش نظر اس پالیسی کا مقصد معلومات کی ترسیل کو مؤثر، ذمہ دارانہ اور شفاف بنانا ہے۔

دوسری جانب محکمۂ آئی ٹی کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں بھی نمایاں پیش رفت کی گئی ہے اور ریاست بھر کے سرکاری محکموں کو مزید تحفظ فراہم کرنے کے لیے کثیر سطحی اقدامات اختیار کیے گئے ہیں۔ سرکاری ویب سائٹس اور ڈیٹا سینٹرز کا باقاعدہ سیکیورٹی آڈٹ کیا جا رہا ہے، نان فنکشنل ویب سائٹس کو ڈی کمیشن کیا گیا ہے اور سائبر گورننس کا ایک مربوط ڈھانچہ قائم کیا گیا ہے جس کی نگرانی چیف سیکریٹری کی سطح پر کی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں تمام محکموں نے سائبر کرائسس منیجمنٹ پلان بھی تشکیل دیے ہیں جبکہ سرکاری ملازمین کو سائبر سیکیورٹی سے متعلق لازمی تربیت، آگاہی مہمات اور iGOT پلیٹ فارم کے ذریعے کورسز فراہم کیے جا رہے ہیں۔

حکومت کے مطابق ان اقدامات کا مقصد نہ صرف فیک نیوز کا مؤثر تدارک کرنا ہے بلکہ سرکاری محکموں کو سائبر حملوں اور ڈیجیٹل ہیرا پھیری سے محفوظ رکھنا بھی ہے تاکہ عوام تک پہنچنے والی معلومات قابل اعتماد اور مستند رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں