0

جموں کشمیر میں سیاحت کے فروغ پر2برسوں میں 76 کروڑ روپے خرچ

جموں میں2,901 لاکھ، کشمیر میں 2,700 لاکھ صرف،ڈیجیٹل مہمات اور ونٹر اسپورٹس پر توجہ

سرینگر//12فروری/: جموں و کشمیر حکومت نے قانون ساز اسمبلی کو بتایا ہے کہ مالی سال 2024–25 اور 2025–26 کے دوران جموں اور کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے مجموعی طور پر 7,647 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی ہے۔یہ تفصیلات ایم ایل اے یدھویر سیٹھی کے سوال کے جواب میں محکمہ سیاحت کی جانب سے ایوان میں پیش کی گئیں۔یو این ایس کے مطابق سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں ڈویڑن میں مالی سال 2024–25 کے دوران 1,619.73 لاکھ روپے خرچ کیے گئے، جبکہ جاری مالی سال 2025–26 میں اب تک 1,281.55 لاکھ روپے صرف ہو چکے ہیں۔ اس طرح دو برسوں میں جموں خطے میں مجموعی طور پر 2,901 لاکھ روپے سے زائد خرچ کیے گئے۔اسی طرح کشمیر میں مالی سال 2024–25 کے دوران 1,400.16 لاکھ روپے خرچ کیے گئے، جبکہ رواں مالی سال میں جنوری 2026 تک 1,346.20 لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں، جو مجموعی طور پر 2,700 لاکھ روپے سے زائد بنتے ہیں۔حکومت نے بتایا کہ سیاحوں کا اعتماد بحال کرنے اور یونین ٹیریٹری میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ کرنے کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ ان میں جارحانہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ، سوشل میڈیا مہمات، اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے تشہیر شامل ہے۔یو این ایس کے مطابق محکمہ سیاحت نے جموں و کشمیر کے سیاحتی امکانات کو اجاگر کرنے کے لیے 10 قومی اور بین الاقوامی ٹریول مارٹس میں بھی شرکت کی۔مثبت تشہیر کے مقصد سے جون اور جولائی 2025 میں جموں ڈویڑن میں بالی ووڈ شخصیات کو فیملرائزیشن ٹورز پر مدعو کیا گیا، جہاں انہوں نے مقامی اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کیں۔ایوان کو مزید بتایا گیا کہ 17 اور 18 جنوری 2026 کو بھدرواہ میں سرمائی کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے، جبکہ 8 فروری 2026 کو سرٹال میں ایک اور ایونٹ منعقد کیا گیا۔ مالی سال 2025–26 کے دوران بھدرواہ اور بسانولی/سرٹال میں ونٹر اسپورٹس انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے 300 لاکھ روپے منظور کیے گئے ہیں۔جموں خطے میں 78 تشہیری پروگرام منعقد کیے گئے جن میں ہورڈنگز، اخبارات، ریڈیو اور سوشل میڈیا کے ذریعے شری امرناتھ جی یاترا اور دیگر سیاحتی مقامات کی تشہیر شامل رہی۔حکومت کے مطابق یہ اقدامات جموں و کشمیر کو ایک محفوظ اور پرکشش سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں