0

دنیا کے سب سے بڑے سونے کے ذخائر کن ممالک کے پاس ہیں

واشنگٹن، 11 فروری (یو این آئی) دنیا میں سب سے زیادہ سونا رکھنے والے ممالک کی تازہ فہرست جاری کر دی گئی ہے، جس میں عالمی طاقتوں کی معاشی پوزیشن واضح ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر مالی بے یقینی، سیاسی کشیدگی اور کرنسیوں میں اتار چڑھاؤ کے دوران سونا ایک بار پھر محفوظ ترین اثاثہ بن کر ابھرا ہے۔
2026 کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے ٹاپ 10 ممالک کے پاس موجود مرکزی بینکوں کے سونے کے ذخائر عالمی ذخائر کے 70 فیصد سے زائد ہیں۔
امریکہ تقریباً 8,133 ٹن سونے کے ذخائر کے ساتھ دنیا کا سب سے بڑا حامل ہے، جن کی مالیت 650 ارب ڈالر سے زائد بنتی ہے، یہ ذخائر ملک کے کل زرمبادلہ کے تقریباً 78 فیصد کے برابر ہیں۔
جرمنی 3,355 ٹن کے ساتھ دوسرے، اٹلی 2,452 ٹن کے ساتھ تیسرے اور فرانس 2,437 ٹن کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے، یہ ممالک اپنے ذخائر کو مالی استحکام کی ضمانت سمجھتے ہیں۔
روس نے حالیہ برسوں میں جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے اپنے ذخائر بڑھا کر 2,332 ٹن تک پہنچا دیے ہیں، جبکہ چین کے سرکاری ذخائر 2,264 ٹن بتائے جاتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق چین کے اصل ذخائر اس سے بھی زیادہ ہو سکتے ہیں کیونکہ دونوں ممالک ڈالر پر انحصار کم کرنے کے لیے سونے میں سرمایہ کاری بڑھا رہے ہیں۔
بھارت کے پاس تقریباً 822 ٹن سونا موجود ہے، جبکہ جاپان کے ذخائر 846 ٹن ہیں، بھارت میں نہ صرف مرکزی بینک بلکہ عوامی سطح پر بھی سونے کی بڑی مقدار موجود ہے، جو ثقافتی اور سرمایہ کاری دونوں حوالوں سے اہم ہے۔
دیگر اہم ممالک میں سوئٹزرلینڈ (1,040 ٹن) اور نیدرلینڈز (612 ٹن) سونے کے ذخائر رکھتے ہیں۔
2026 میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، جس کی بڑی وجوہات جغرافیائی سیاسی کشیدگی، افراطِ زر اور امریکی ڈالر انڈیکس میں تبدیلیاں ہیں۔
ماہرین کے مطابق مرکزی بینکوں کی مسلسل خریداری اور عالمی غیر یقینی صورتحال کے باعث سونا بدستور ایک محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں