سری نگر،12فروری(یو این آئی) مرکزی وزیر کھیل منسُکھ مانڈویہ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ ’کھیلو انڈیا ونٹر گیمز‘ کا دوسرا مرحلہ 23 سے 26 فروری تک گلمرگ میں منعقد ہوگا، جس میں ملک کی مختلف ریاستوں سے تقریباً چار سو کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔ یہ مرحلہ لداخ میں 20 تا 26 جنوری منعقد ہونے والے پہلے حصے کے بعد شروع ہو رہا ہے، جہاں آئس اسپورٹس کے مقابلے کرائے گئے تھے۔
گلمرگ میں سرمائی کھیلوں کے بڑے ایونٹس ہوں گے اور انڈین آرمی گزشتہ برس کی طرح اس مرتبہ بھی مجموعی چیمپئن شپ کا دفاع کرے گی۔ وزیرِ کھیل نے اپنے بیان میں کہا کہ سرمائی اولمپکس کے بعد یہ مقابلے کرانا بہترین موقع ہے، کیونکہ کھلاڑی شدید سردی اور قدرتی برفیلی ڈھلوانوں پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ لداخ مرحلے میں فگر اسکیٹنگ کی شمولیت نے مقابلوں کو مزید دلچسپ بنایا، جبکہ گلمرگ کے مشہور کونگڈوری اسکی سلوپس پر اس بار بھی شاندار ٹائمنگز کی توقع کی جارہی ہے۔
اس ایڈیشن میں اسکی ماؤنٹینیئرنگ، الپائن اسکیئنگ، نوردک اسکیئنگ اور سنو بورڈنگ جیسے اہم مقابلے شامل ہوں گے، جن میں کھلاڑیوں کی سب سے زیادہ شرکت الپائن اسکیئنگ میں ہوگی۔ گزشتہ سیزن 2025 کے اختتام پر انڈین آرمی 18 تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی تھی، جبکہ ہماچل پردیش دوسرے اور لداخ، مہاراشٹر اور تمل ناڈو بالترتیب اگلے مقامات پر رہے تھے۔
اس سال لداخ مرحلہ مکمل ہونے پر ہر یانہ اپنے چار طلائی تمغوں کی بدولت سب سے آگے رہا۔
0
