0

18 اسمبلی حلقوں پر محیط پارلیمانی حلقہ بارہمولہ میں آج شام ہوگی انتخابی مہم اختتام پذیر

سری نگر :18 ،مئی:جے کے این ایس : جموں و کشمیر کے بارہمولہ پارلیمانی حلقہ میں 20 مئی کو ہونے والی ووٹنگ کے پیش نظر آج یعنی 18مئی کو شام 6بجے انتخابی مہم اختتام پذیرہوجائے گی ۔17لاکھ32رائے دہندگان میں ملک کے مختلف شہروں میں مقیم25ہزار سے زیادہ کشمیری پنڈت تارکین وطن بھی بارہمولہ حلقے میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق 18ویں لوک سبھا کیلئے جاری عام انتخابات کے پانچویں مرحلے میں20مئی کو18اسمبلی حلقوں پرمحیط بارہمولہ لوک سبھا حلقے میں ووٹ ڈالے جائیں گے ،اور نئی حدبندی کے بعد بارہمولہ پارلیمانی حلقے میں ووٹروں کی کل تعدادتقریباً17لاکھ32 ہے ۔اس مرتبہ یہاں سے کل22اُمیدوار میدان میں ہیں ،جن میں نیشنل کانفرنس کے ئانب صدر عمر عبداللہ ،پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجادغنی لون ،سابق رُکن راجیہ سبھا و پی ڈی پی لیڈر میر فیاض ،تہاڑ جیل میں مقید سابق ممبراسمبلی انجینئر رشید،جموں وکشمیر نیشنلسٹ پیپلز فرنٹ کے اُمیدوار اور تہاڑ جیل میں بند علیحدگی پسند لیڈر نعیم احمدخان کے برادر منیر احمدخان اور2خواتین اُمیدوار ثریا نثار اورشفیقہ بیگم بھی شامل ہیں ۔اب لوک سبھا انتخابات 2024میں بارہمولہ حلقہ سے کون سا اُمیدوار جیت حاصل کرتا ہے ،اُس بارے میں کوئی رائے زنی کرنا ٹھیک نہیں تاہم آثار وقرائین سے لگتا ہے کہ اس بار تکونی مقابلہ ہوگا ،اور 1957سے2019تک 15مرتبہ ہوئے پارلیمانی انتخابات میں 10مرتبہ جیت درج کرنے والی جماعت نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمرعبداللہ کا سجاد غنی لون اور انجینئر رشید سے مقابلہ ہے جبکہ پی ڈی پی کے میرفیاض اورپیپلز نیشنلسٹ فرنٹ کے منیراحمدخان بھی اچھے ووٹ حاصل کرکے کسی اُمیدوار کامزہ خراب کرسکتے ہیں ۔2019تک بارہمولہ پارلیمانی حلقہ کل 15اسمبلی حلقوں پر محیط تھا ،لیکن نئی حدبندی کے بعد اس حلقے کے تحت آنے والے ترہگام،بڈگام اوربیروہ کوملاکر اسمبلی نشستوں کی تعداد18ہوگئی ہے جبکہ ووٹروں کی تعداد 18لاکھ کے لگ بھگ ہے ۔2019کے پارلیمانی انتخابات میں نیشنل کانفرنس نے یہاں سے ہل والا جھنڈا لہرایاتھا ،اوراس پارٹی کے اُمیدوار محمداکبرلون نے ایک لاکھ 33ہزار426یعنی کل ڈالے گئے ووٹوں میں سے 29.3فیصد حاصل کرکے کامیابی سمیٹی تھی ،اور دوسرے نمبر پرایک لاکھ 3ہزار193ووٹ لیکرپیپلز کانفرنس کے اُمیدوار راجہ اعجاز علی اور ایک لاکھ 2ہزار 168ووٹ لیکر انجینئر رشید تیسرے نمبرپر رہے تھے ۔پی ڈی پی نے سابق ٹریڈ یونین لیڈر عبدالقیوم وانی کو 2019میں ٹکٹ دیاتھا لیکن وہ کل 53ہزار530ووٹ حاصل کرپائے تھے ۔معلوم ہواکہ لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے میں بارہمولہ حلقہ سے25ہزار821 بے گھر کشمیری پنڈت ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں۔بارہمولہ حلقہ انتخاب کے پانچویں مرحلے کےلئے تقریباً17لاکھ32ہزار ووٹرز ہیں ، جن میں سے 8.59 لاکھ خواتین ووٹربھی شامل ہیں، جو 2103 پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹ ڈالیں گے۔اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر (اے آر او)، مائیگرنٹس، ریاض احمد نے کہاکہ 20مئی کو بارہمولہ لوک سبھا حلقہ سے کل 25ہزار821 کشمیری تارکین وطن ووٹروں کے طور پر رجسٹرڈ ہیں۔ ان میں سے 12,747 مرد ووٹر اور 13,074 خواتین ووٹر ہیں۔انہوں نے کہا کہ نقل مکانی کرنے والوں کے لیے26 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں، جن میں سے21 جموں میں، 4 دہلی میں اور ایک ادھم پور میں ہے۔الیکشن کمیشن نے کشمیری تارکین وطن ووٹروں کے لیے پک اینڈ ڈراپ کی سہولت کا انتظام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک دستیاب ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں