0

2020سے31جنوری2024تک 151سائبر فراڈکیس درج

شہریوں سے دھوکہ دہی کے مرتکب132ملزمان گرفتار
ملزمان کی تحویل سے ہڑپ شدہ تقریباًساڑھے 8کروڑ روپے کی رقم برآمد
سری نگر:۹۱، اپریل: جے کے این ایس : سری نگر پولیس کی سائبر سیل نے سال2020سے31جنوری2024تک 151سائبر فراڈکیسوں کااندراج کرتے ہوئے اس جرم کے مرتکب132ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جبکہ ان کی تحویل سے دھوکہ دہی کے تحت ہڑپ شدہ تقریباًساڑھے 8کروڑ روپے کی بھاری رقم برآمد کی ،اوریوں دھوکہ بازوں کے جھانسے یا بہکاﺅے میں آنے والے متعددافرادکو بڑے نقصانات سے بچایاگیا۔جے کے این ایس کے مطابق سینئرصحافی اورحقوق انسانی کارکن ڈاکٹر ایم ایم شجاع کی جانب سے حق اطلاع قانون 2005کے تحت جمع کرائی گئی ایک درخواست کے جواب میں پبلک انفارمیشن آفیسر ڈسٹرکٹ پولیس سری نگر کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق سال2020سے 31جنوری 2024تک سری نگرپولیس نے سائبر فراڈ سے متعلق کل151کیس درج کئے ،جن میں سے سال2020میں 27،سال2021میں 27،سال2022میں56،سال2023میں40،اور31جنوری2024تک ایک کیس درج کیاگیا ،اور اس دوران متعلقہ کیسوں کے سلسلے میں بالترتیب 7،39،44اور42ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔سری نگرپولیس کے مطابق ملزمان کی تحویل سے دھوکہ دہی کے تحت عام شہریوں کی ہڑپ کردہ تقریباًساڑھے 8کروڑ روپے کی بھاری رقم برآمد کی گئی ۔پولیس نے بتایاکہ سال2020میں سائبر فراڈ کے تحت ہڑپ شدہ 80لاکھ روپے کی رقم برآمد کی گئی جبکہ سال2021میں ایک کروڑ 60لاکھ ،سال2022میں 3کروڑ روپے ،سال2023میں 2کروڑ روپے اورجنوری 2024میں کل50 لاکھ 64ہزار803روپے کی رقم برآمد کی گئی ۔پولیس نے کہاکہ سائبرفراڈکے سلسلے میں سری نگرپولیس کی سائبر ونگ کا رول انتہائی نمایاں رہاہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں